2027 میں بگڑ سکتے ہیں عالمی معاشی حالات، ’موڈیز‘ نے کیا اظہارِ فکر
2027 میں امریکہ کی اہم ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سرمایہ جاتی اخراجات تقریباً ایک ٹریلین ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں۔ تاہم، اے آئی میں سرمایہ کاری کی شرح نمو سست پڑنے کا خدشہ ہے۔

دنیا بھر میں 2027 کے دوران قرض سے متعلق مالی حالات کمزور پڑ سکتے ہیں۔ قرض لینے کی بڑھتی ہوئی روش اور توانائی کی بلند قیمتوں کے باعث کمپنیوں اور حکومتوں پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔ خاص طور پر زیادہ قرض لینے والی اور جلد ہی اپنے پرانے قرضوں کی ’ری فائنانسنگ‘ (قرض کی نئی شرائط پر تجدید) کرنے والی کمپنیوں اور اداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ’موڈیز ریٹنگز‘ کی ایک رپورٹ میں یہ اندازہ ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بڑی معیشتوں میں اقتصادی سرگرمیاں جاری رہنے کی امید ہے، لیکن مالی وسائل حاصل کرنے کے لیے بڑھتے خرچ، توانائی کے اخراجات اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں سرمایہ کاری کی رفتار سست ہونے سے مختلف شعبوں میں مالی دباؤ بڑھ سکتا ہے۔ ’موڈیز‘ نے کہا ہے کہ 2027 میں داخل ہوتے ہی قرض سے متعلق مالی حالات کمزور ہوں گے۔ حالانکہ اس کا اثر ہر کمپنی اور حکومت پر یکساں نہیں ہوگا۔ اس کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ ان پر کتنا قرض ہے، ان کے پاس نقد رقم کی آمد کا سلسلہ کتنا مضبوط ہے اور انہیں اپنے پرانے قرضوں کی ری فنانسنگ کتنی جلد کرنی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان کمپنیوں پر زیادہ دباؤ پڑ سکتا ہے، جنہوں نے کم شرح سود کے دور میں قرض لیا تھا اور اب انہیں اس کی ری فنانسنگ کرنی ہے۔ 2027 سے 2029 کے درمیان مدت پوری ہونے والے دنیا کے 60 فیصد سے زیادہ ہائی ییلڈ بانڈز 2019 سے 2021 کے دوران جاری کیے گئے تھے۔ اس وقت قرض لینے کی لاگت نسبتاً کم تھی۔ ’موڈیز‘ کے مطابق اب نئے ہائی ییلڈ بانڈز تقریباً 100 بیسس پوائنٹ زیادہ شرح سود پر جاری کیے جا رہے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ کمپنیوں کو پرانے قرض کی جگہ نیا قرض لینے کے لیے زیادہ سود ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔
’موڈیز‘ نے قیاس آرائی پر مبنی زمرے کے قرضوں کی ادائیگی میں بڑے پیمانے پر ناکامی کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جن کمپنیوں کے پاس نقد رقم کی آمد کا مضبوط سلسلہ ہے، مناسب نقدی دستیاب ہے اور ان پر قرض کم ہے، وہ بڑھتے ہوئے سود کے اخراجات کا بہتر طریقے سے مقابلہ کر سکتی ہیں۔ رپورٹ میں نجی قرض بازار (پرائیویٹ کریڈٹ مارکیٹ) کے حوالے سے بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ قرض دینے کے ضوابط سخت ہونے اور سرمایہ کاروں کے زیادہ محتاط رویہ اختیار کرنے سے اس شعبے میں دباؤ بڑھ سکتا ہے۔ موڈیز کے مطابق، بعض بازاروں میں سود کی ادائیگی نقد رقم کے بجائے اضافی قرض کی شکل میں کرنا، قرض کی مدت بڑھانا اور نقدی بچانے کے لیے دوسرے اقدامات اختیار کرنا اس بات کے اشارے ہیں کہ مالی دباؤ بڑھ رہا ہے۔
’موڈیز‘ کا اندازہ ہے کہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری جاری رہے گی۔ 2027 میں امریکہ کی اہم ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سرمایہ جاتی اخراجات تقریباً ایک ٹریلین ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں۔ تاہم اے آئی میں سرمایہ کاری کی شرح نمو سست پڑنے کا خدشہ ہے۔ اس سے کمپنیوں کی قرض سے متعلق مالی صورت حال کو ملنے والی اضافی مدد کم ہو سکتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2027 میں یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ اے آئی پر کی جانے والی سرمایہ کاری سے توقعات کے مطابق منافع ملنا شروع ہوتا ہے یا نہیں۔ فی الحال پیداواریت اور آمدنی میں اتنے بڑے اضافے کے آثار نظر نہیں آئے ہیں، جو موجودہ بھاری سرمایہ کاری کو پوری طرح جائز قرار دے سکیں۔
’موڈیز‘ نے کہا ہے کہ ٹیرف، برآمدات پر کنٹرول اور ضابطوں کے ذریعے حکومتوں کی بڑھتی ہوئی مداخلت بھی سرمایہ کاری اور مسابقت کی سمت تبدیل کر سکتی ہے۔ اس کے علاوہ توانائی کے تحفظ، اہم معدنیات، دفاع اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے پر ہونے والے اخراجات سے کئی صنعتوں کی لاگت بڑھ سکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق طویل مدتی قرض، نقد رقم کی مضبوط آمد اور توانائی کی قیمتوں یا حکومتی پالیسیوں میں تبدیلی کے محدود خطرات کا سامنا کرنے والی کمپنیاں بہتر پوزیشن میں رہیں گی۔ اس کے برعکس، زیادہ قرض لینے والی کمپنیوں اور ان اداروں پر زیادہ دباؤ پڑ سکتا ہے، جنہیں مستقبل قریب میں اپنے پرانے قرضوں کی ’ری فائنانسنگ‘ کرنی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
