گلوبل سٹیزن لائیو: ہندوستان پیرس معاہدے کی پاسداری کرنے والا واحد ملک، وزیر اعظم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے موسمیاتی تبدیلی کو ایک بڑا عالمی چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نمٹنے کے لیے طرز زندگی کو فطرت کے عین مطابق بنانے کی ضرورت ہے

وزیر اعظم نریندر مودی
وزیر اعظم نریندر مودی
user

یو این آئی

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے موسمیاتی تبدیلی کو ایک بڑا عالمی چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نمٹنے کے لیے طرز زندگی کو فطرت کے عین مطابق بنانے کی ضرورت ہے اور ہندوستان جی 20 گروپ کا واحد ملک ہے، جو ایسی طرز زندگی اپنانے کے ساتھ ساتھ ہی پیرس معاہدے کی پاسداری کررہا ہے ۔

وزیر اعظم مودی نے ہفتہ کی رات ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ’گلوبل سٹیزن لائیو‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی آج دنیا کے سامنے ایک بڑا چیلنج بن کر کھڑا ہے ۔ دنیا کواس بات کو قبول کرنا ہوگا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سب سے پہلے ہم پر ہی مرتب ہوں گے ۔ آب و ہوا کی تبدیلی سے نمٹنے کا بہترین طریقہ ہے کہ ہمیں طرز زندگی کو فطرت کےعین مطابق بدلنا ہو گا۔

غربت کے خاتمے کی سمت میں کام کررہی عالمی تنظیم ’گلوبل سٹیزن ‘ کی تقریب 120 ممالک میں نشر کیا گیا ۔ اس کی خصوصی کانفرنس 25 ستمبر سے 26 ستمبر تک جاری رہے گی۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ تقریبا دو سال سے پوری دنیا عالمی وبا سے لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا ’’وباسے لڑنے کے ہمارے مشترکہ تجربے نے ہمیں سکھایا ہے کہ جب ہم ساتھ ہوتے ہیں تو ہم مضبوط اور بہتر ہوتے ہیں ۔ ہم نے اس اجتماعی جذبے کی ایک جھلک تب دیکھی جب ہمارے کورونا واریئر ، ڈاکٹروں ، نرسوں ، طبی عملے نے وبا سے لڑنے میں اپنی بہترین کوشش کی ۔ ہم نے اپنے سائنسدانوں اور اختراع کاروں میں یہ جذبہ دیکھا ، جنہوں نے ریکارڈ وقت میں نئے ٹیکے تیار کئے ۔ نسلیں اس وقت کو یاد رکھیں گی‘‘۔


وزیر اعظم مودی نے کہا کہ گلوبل سٹیزن موومنٹ دنیا کو ایک ساتھ لانے کے لئے ایک موسیقی اور تخلیقی صلاحیتوں کا استعمال کرتی ہے۔ موسیقی میں کھیلوں کی طرح متحد کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے ۔ انہوں نے عظیم شاعر اور فلسفی ہنری ڈیوڈ تھورو کے حوالے سے کہا ’’جب میں موسیقی سنتا ہوں ، تو مجھے کسی خطرے کا ڈر نہیں ہوتا۔ میں غیر محفوظ محسوس نہیں کرتا۔ مجھے کوئی دشمن نظر نہیں آتا۔ میں سب سے قدیم وقت سےجڑا ہوا محسوس کرتا ہوں ‘‘۔

انہوں نے کہا کہ موسیقی ہماری زندگی پر پرامن اثر ڈالتی ہے ۔ یہ دماغ اور پورے بدن کو سکون فراہم کرتا ہے۔ ہندوستان میں موسیقی کی بہت سی روایات ہیں ۔ ہر ریاست اور ہر علاقے میں موسیقی کے بہت سے مختلف انداز ہیں ۔ میں آپ سبھی کو ہماری موسیقی کی روح اور تنوع کی کھوج کرنے کے لئے مدعو کرتا ہوں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم بنی نوع انسان کی ترقی کے لیے ہندوستان کی ترقی پر یقین رکھتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */