گریش چندر مرمو ملک کے نئے سی اے جی، صدر کووند نے دلوایا عہدے کا حلف

جموں و کشمیر کے سابق ایل جی گریش چندر مرمو نے سنیچر کے روز کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: جموں و کشمیر کے سابق ایل جی گریش چندر مرمو نے سنیچر کے روز کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے مرمو کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ راشٹرپتی بھون میں منعقدہ تقریب میں نائب صدر، ایم وینکیا نائیڈو، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا اور وزیر اعظم نریندر مودی سمیت دیگر لیڈران موجود تھے۔

جی سی مرمو ملک کے 14 ویں سی اے جی کے سربراہ ہیں۔ انہوں نے راجیو مہارشی کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالی ہے۔ مسٹر مرمو نے ایشور کے نام پر ہندی میں عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔ اڈیشہ کے میوربھنج میں 21 نومبر 1959 کو پیدا ہوئے ، جی سی مرمو 1985 بیچ کے گجرات کیڈر کے آئی اے ایس ہیں۔


نریندر مودی حکومت نے پچھلے سال انہیں مرکز کے زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر کا پہلا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیا تھا۔ وہ اس عہدے پر گذشتہ سال 31 اکتوبر کو مقرر ہوئے تھے اور رواں برس 5 اگست کو اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔ وزیر اعظم کے قابل اعتماد افسر مرمو، مودی کے گجرات کے وزیر اعلی رہنے کے دوران ان کے پرنسپل سیکریٹری کی ذمہ داری نبھا چکے ہیں۔ ان کی مدت کار چھ سال یا 65 سال کی عمر، جو بھی پہلے ہو، تک رہے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Aug 2020, 1:33 PM