جی-20 سربراہی اجلاس: دہلی ایئرپورٹ پر مہمانوں کے لیے پارکنگ، دروازے، کوریڈور - سب کچھ اسپیشل

ہوائی اڈے کے حکام نے بتایا کہ جی-20 سربراہی اجلاس کے لیے زیادہ تر مہمان 8 ستمبر تک دہلی پہنچ جائیں گے اور 10 تاریخ تک واپس لوٹ سکتے ہیں

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں جی-20 سربراہی اجلاس کے لیے تیاریاں / آئی اے این ایس</p></div>

دہلی میں جی-20 سربراہی اجلاس کے لیے تیاریاں / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں ہونے جا رہے جی-20 سربراہی اجلاس کے حوالہ سے مثالی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اس ضمن میں دہلی ایئرپورٹ پر بھی مہمانوں کے لئے خصوصی تیاریاں کی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جی-20 کے لیڈران بغیر کسی پریشانی کے دہلی پہنچنے کے لیے ہوائی اڈے پر ایک علیحدہ گیٹ تیار کیا گیا ہے۔ اعلیٰ حکام کی ایک ٹیم سربراہی اجلاس سے متعلق آمد اور روانگی کی نگرانی کرے گی۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق دہلی ہوائی اڈے کے آپریٹر (ڈائل) نے بدھ (6 ستمبر) کو کہا کہ وی وی آئی پی طیاروں کے لئے پارکنگ سلاٹ کی ایک مقررہ تعداد ہے اور سربراہی اجلاس میں زیادہ تر مہمان چارٹرڈ فلائٹ یا خصوصی وی آئی پی فلائٹ سے تشریف لا رہے ہیں۔


ڈائل کے سی ای او ودے کمار جے پوریار نے ایک پیغام میں کہا، ’’بہت سے مہمان پالم کی طرف ایئر فورس اسٹیشن پہنچیں گے، وہاں کئی دیگر سربراہان مملکت کے ساتھ ساتھ وفد کے دیگر ارکان بھی ہیں جو ٹرمینل 3 پر پہنچنے والے ہیں۔ ہم نے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’جی 20 کے مندوبین کے لیے ایک علیحدہ گیٹ ہوگا، تاکہ وہ جلد از جلد امیگریشن اور کسٹم کلیئر کر سکیں۔ اس سے عام مسافروں کو کسی قسم کی تکلیف نہیں ہوگی۔‘‘

دریں اثنا، ایئر لائنز اپنے سفری تاریخوں کو دوبارہ شیڈول کرنے کا ارادہ رکھنے والے مسافروں کے لیے فیس میں چھوٹ کی پیشکش کر رہی ہیں کیونکہ 8 ستمبر سے چار دنوں کے دوران سربراہی اجلاس کے سلسلے میں بہت سی پروازیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

قومی راجدھانی میں ڈائل کے زیر انتظام اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈہ (آئی جی آئی اے) ملک کا سب سے بڑا ہوائی اڈا ہے اور یہاں سے روزانہ تقریباً 1300 پروازیں ہوتی ہیں۔ ڈائل ایک کنسورشیم ہے جس کی قیادت جی ایم آر گروپ کرتا ہے۔ ایک ریلیز کے مطابق ہوائی اڈے کا آپریٹر مہمانوں کی سہولیات کے لیے وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور دہلی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔


ودے کمار جے پوریار نے کہا کہ مختلف سرکاری ایجنسیوں جیسے دہلی پولیس اور بیورو آف سول ایوی ایشن سیکورٹی کے ساتھ مل کر ان پروازوں کے لیے ایئر سائیڈ پارکنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں اور ہوائی اڈے نے وی وی آئی پی طیاروں کے لیے مطلوبہ تعداد میں پارکنگ سلاٹ فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’تقریباً تمام مہمان 8 ستمبر کو پہنچ رہے ہیں اور زیادہ تر مہمانوں کے 10 ستمبر تک واپس لوٹ جائیں گے۔‘‘

ودے کمار جے پوریار نے مزید کہا ’’جہاں تک شہر کی ٹریفک کا تعلق ہے تو کچھ پریشانیاں پیدا ہوں گی اور دہلی سے پرواز کرنے والے یا دہلی آنے والے مسافروں کو ہمارا مشورہ ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ کار یا ٹیکسی کا استعمال نہ کریں۔ انہیں ہوائی اڈے تک پہنچنے کے لیے میٹرو کو ترجیح دینی چاہیے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔