تیز رفتار کار موٹر سائیکل پر سوار خاندان کے اوپر چڑھ گئی، 4 افراد جاں بحق
سہارنپور کے دھولا کوان میں ایک تیز رفتار کریٹا کار نے بائیک پر سوار ایک خاندان کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں 5 سالہ بچی سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی المناک موت ہو گئی۔

سہارنپور کے بیہٹ روڈ پر ہفتہ یعنی 13 جون کو ایک المناک سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ بہاری گڑھ تھانہ علاقے میں دھولا کوان کے قریب پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار کریٹا کار نے پیچھے سے بائک سوار خاندان کو ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ تمام سوار سڑک سے نیچے گر کر شدید زخمی ہوگئے۔
حادثے کے فوراً بعد راہگیروں نے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال پہنچایا۔ تاہم ان کی حالت اتنی نازک تھی کہ ڈاکٹروں نے چاروں کو مردہ قرار دے دیا۔ مرنے والوں میں ملکاپور کا رہنے والا 24 سالہ لاوش، اس کی 55سالہ ماں راجدولاری ،22 سالہ بہن انجانا عرف تنو اور 5 سالہ بیٹی روحی شامل ہیں۔
متوفی کے بھائی پنکج کمار نے بتایا کہ لاوش اپنی ماں، بہن اور بیٹی کے ساتھ کوٹھڑی میں واقع اپنے سسرال سے بائیک پر اپنے گاؤں ملکاپور واپس آرہا تھا۔ جیسے ہی خاندان دھولا کوان کے قریب پہنچا، ایک تیز رفتار کریٹا کار نے ان کی موٹر سائیکل کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ حادثے سے جائے وقوعہ پر افراتفری مچ گئی اور گاؤں والوں کی بڑی تعداد وہاں جمع ہو گئی۔
چاروں ہلاکتوں کی خبر ملتے ہی خاندان میں کہرام مچ گیا۔ ضلع اسپتال میں اہل خانہ بے چین تھے۔ بتایا گیا ہے کہ لاوش اپنے خاندان کی کفالت کے لیے مزدوری کا کام کرتا تھا۔ وہ تین بھائیوں میں دوسرے نمبر پرتھے اور 2022 میں ان کی شادی ہوئی تھی۔ ان کی بیوی اور بیٹا گھر پر تھے، اب وہ اپنے شوہر اور والد کے کھو جانے سے غمزدہ ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور معاملے کی تفتیش شروع کردی۔ پولیس حادثے کی وجہ اور کار ڈرائیور کے کردار کی تفتیش کر رہی ہے۔ اس سانحہ نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔( بشکریہ نیوز پورٹل ’اے بی پی‘)
