سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کی اہلیہ چنّما دیوے گوڑا کا انتقال، اہم سیاسی رہنماؤں کا اظہارِ تعزیت
سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کی اہلیہ چنّما دیوے گوڑا کا بنگلورو میں انتقال ہو گیا۔ وہ 89 برس کی تھیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور متعدد سیاسی رہنماؤں نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے

سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کی اہلیہ چنّما دیوے گوڑا کا ہفتہ کے روز بنگلورو کے ایک نجی اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ وہ 89 برس کی تھیں اور گزشتہ چند روز سے سانس لینے میں دشواری کے باعث زیرِ علاج تھیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق علاج کے دوران انہیں دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
چنّما دیوے گوڑا کو بدھ کی شب بنگلورو کے منی پال اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت میں بہتری کے آثار بھی نظر آ رہے تھے، لیکن ہفتہ کی شام اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی اور شام تقریباً چار بجے انہوں نے آخری سانس لی۔
چنّما دیوے گوڑا، سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کی طویل سیاسی اور خاندانی زندگی میں اہم کردار ادا کرتی رہی تھیں۔ ان کی شادی سنہ 1954 میں ہوئی تھی اور ان کے خاندان میں چار بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ ان کے صاحبزادوں میں سابق وزیر اعلیٰ کرناٹک ایچ ڈی کماراسوامی اور ایچ ڈی ریونّا بھی شامل ہیں۔ دیوے گوڑا خاندان کو کرناٹک کی سیاست میں ایک بااثر سیاسی خاندان کے طور پر جانا جاتا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ چنّما دیوے گوڑا کے انتقال کی خبر نہایت افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ اپنی سادگی، خلوص اور سماجی خدمات کے جذبے کے لیے ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے ایچ ڈی دیوے گوڑا اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی روح کے لیے دعا کی۔
کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں گہرے دکھ کا اظہار کیا اور دعا کی کہ خداوندِ کریم اہل خانہ کو اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔
کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے بھی چنّما دیوے گوڑا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہایت مضبوط شخصیت کی مالک تھیں، جنہوں نے زندگی کے نشیب و فراز کا ثابت قدمی سے سامنا کیا اور اپنے خاندان کو ہمیشہ یکجا رکھا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق چنّما دیوے گوڑا کا جسدِ خاکی اتوار کے روز ان کے آبائی مقام ہردن ہلی لے جایا جائے گا، جہاں عوام کو آخری دیدار کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ ان کے انتقال پر سیاسی اور سماجی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
