کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ سجن کمار کا 80 سال کی عمر میں انتقال!

سجن کمار کو دہلی کے صفدر جنگ اسپتال میں بیہوشی والی حالت میں لایا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔ یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ انھیں کیا ہوا تھا اور اچانک اسپتال لے جانے کی ضرورت کیوں پڑی

<div class="paragraphs"><p>سجن کمار، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i

کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ سجن کمار کا جمعرات کو 80 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ خبر رساں ایجنسی ’اے این آئی‘ نے ذرائع کے حوالہ سے یہ اطلاع دی ہے۔ اس نے بتایا کہ سجن کمار کو دہلی کے صفدر جنگ اسپتال میں بیہوشی والی حالت میں لایا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔ یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ انھیں کیا ہوا تھا اور اچانک اسپتال لے جانے کی ضرورت کیوں پڑی۔

قابل ذکر ہے کہ سجن کمار 1984 کے سکھ مخالف فسادات کے 2 معاملوں میں قصوروار ٹھہرائے جانے کے بعد تہاڑ جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے تھے۔ دراصل دہلی کینٹ واقع پالم کالونی میں 5 سکھوں کے قتل کے بعد گرودوارہ کو نذر آتش کر دیا گیا تھا۔ اس کیس میں سجن کمار کو عدالت نے قصوروار قرار دیا تھا۔ دہلی ہائی کورٹ نے 17 دسمبر 2018 کو انھیں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ حالانکہ ستمبر 2023 میں راؤز ایونیو کورٹ نے دہلی کے سلطان پوری میں 3 سکھوں کے قتل معاملہ میں بری کر دیا تھا۔ ایک معاملہ میں 12 فروری 2025 کو انھیں قصوروار ٹھہرایا گیا تھا، اور 25 فروری کو انھیں عمر قید کی سزا سنائی گئی۔


سجن کمار ایک تجربہ کار سیاسی لیڈر تھے اور انھوں نے لوک سبھا رکن کے طور پر کچھ اہم کام بھی کیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انھیں خراب طبیعت کے پیش نظر صفدر جنگ اسپتال لایا گیا تھا، لیکن اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی ان کا انتقال ہو گیا۔ حالانکہ اس سلسلے میں فی الحال کوئی آفیشیل جانکاری سامنے نہیں آئی ہے۔ اتنا ضرور ہے کہ ان کے انتقال کی خبر سے سیاسی گلیاروں میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔