بینک فراڈ معاملہ: انل امبانی گروپ کی دو کمپنیوں کے سابق سربراہان گرفتار
سی بی آئی نے 7623 کروڑ روپے کے مبینہ بینک گھوٹالے کی جانچ کے سلسلے میں انل امبانی گروپ سے وابستہ دو کمپنیوں کے سابق سربراہان دیوانگ مودی اور رویندر سدھالکر کو گرفتار کر لیا ہے

نئی دہلی: مرکزی تفتیشی بیورو نے انل امبانی کے ریلائنس اے ڈی اے گروپ سے متعلق جاری تحقیقات کے سلسلے میں ریلائنس کمرشل فنانس لمیٹڈ کے سابق ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو افسر دیوانگ مودی اور ریلائنس ہوم فنانس لمیٹڈ کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو افسر رویندر سدھالکر کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایجنسی نے پیر کے روز اس کی اطلاع دی۔
مرکزی تفتیشی بیورو کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان نے ریلائنس کمرشل فنانس لمیٹڈ اور ریلائنس ہوم فنانس لمیٹڈ سے حاصل شدہ رقوم کو ریلائنس اے ڈی اے گروپ کی دیگر کمپنیوں، جن میں ریلائنس کیپیٹل لمیٹڈ، ریلائنس انفراسٹرکچر لمیٹڈ اور ریلائنس پاور لمیٹڈ شامل ہیں، منتقل کیا۔ اس کے نتیجے میں سرکاری بینکوں کو مجموعی طور پر 7623 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا، جبکہ ملزمان اور ان سے وابستہ اداروں کو اتنا ہی ناجائز فائدہ حاصل ہوا۔
تحقیقات کے مطابق ریلائنس کمرشل فنانس لمیٹڈ سے متعلق معاملے میں 13 سرکاری بینکوں کو 4097 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا، جبکہ ریلائنس ہوم فنانس لمیٹڈ کے معاملے میں 10 سرکاری بینکوں کو 3526 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔
مرکزی تفتیشی بیورو کا کہنا ہے کہ اپریل 2017 سے دسمبر 2018 تک ریلائنس کمرشل فنانس لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر رہنے والے دیوانگ مودی کمپنی کے اہم فیصلوں کے ذمہ دار تھے۔ انہوں نے ایسی درمیانی کمپنیوں کو قرضوں کی منظوری دی جن کے بارے میں انہیں معلوم تھا کہ یہ عمل ریزرو بینک کے ضوابط اور سرکاری بینکوں سے حاصل شدہ قرضوں کی شرائط کے منافی ہے۔
اسی طرح رویندر سدھالکر یکم اکتوبر 2016 سے 31 مارچ 2022 تک ریلائنس ہوم فنانس لمیٹڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو افسر رہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے کمپنی کی پالیسیوں اور نیشنل ہاؤسنگ بینک و ریزرو بینک کے قواعد کے خلاف بعض درمیانی کمپنیوں کو قرضوں کی منظوری دی۔
مرکزی تفتیشی بیورو نے مختلف سرکاری بینکوں اور لائف انشورنس کارپوریشن کی شکایات کی بنیاد پر ریلائنس کمیونیکیشن لمیٹڈ، ریلائنس ہوم فنانس لمیٹڈ، ریلائنس کمرشل فنانس لمیٹڈ اور ریلائنس ٹیلی کام لمیٹڈ کے خلاف 7 الگ الگ مقدمات درج کیے ہیں۔ ان معاملات کی نگرانی سپریم کورٹ کر رہی ہے۔
ایجنسی نے 29 مئی کو ریلائنس کمیونیکیشن لمیٹڈ سے متعلق معاملے میں پہلی فرد جرم داخل کی تھی، جس میں کمپنی، اس کے 5 سینئر افسران اور 10 بینک اہلکاروں سمیت 16 افراد کو ملزم بنایا گیا تھا۔ مرکزی تفتیشی بیورو کے مطابق انل امبانی گروپ سے متعلق مقدمات میں اب تک 5 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
