ہندوستان کے سابق چیف جسٹس اے ایم احمدی کا انتقال

ہندوستان کے سابق چیف جسٹس اے ایم احمدی کا 91 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ ان کا پورا نام عزیز مشبر احمدی تھا اور انہوں نے 1994 سے 1997 تک ہندوستان کے 26 ویں چیف جسٹس کے طور پر خدمات انجام دیں۔

<div class="paragraphs"><p>سابق چیف جسٹس اے ایم احمدی / تصویر سوشل میڈیا</p></div>

سابق چیف جسٹس اے ایم احمدی / تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ہندوستان کے سابق چیف جسٹس اے ایم احمدی کا آج صبح (2 مارچ 2023) 91 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ ان کا پور نام عزیز مشبر احمدی تھا اور انہوں نے 1994 سے 1997 تک ہندوستان کے 26 ویں چیف جسٹس کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ ہندوستان کے تیسرے مسلمان چیف جسٹس تھے۔

جسٹس احمدی گجرات کے شہر سورت میں پیدا ہوئے تھے اور ایک جونیئر سول جج کے بیٹے تھے۔ انہوں نے اپنے ابتدائی سالوں کا ایک بڑا حصہ مختلف اضلاع اور تعلقہ میں گزارا۔ انہوں نے 1954 میں بمبئی سے اپنے قانون کے پیشے کا آغاز کیا۔ دس سال بعد وہ احمد آباد کے سٹی سول اینڈ سیشن کورٹ میں جج مقرر ہوئے۔ 1976 میں انہیں گجرات ہائی کورٹ میں ترقی دی گئی۔


انہوں نے 1989 میں سپریم کورٹ لیگل ایڈ کمیٹی کے چیئرمین اور 1990 اور 1994 کے درمیان ہندوستان میں قانونی امداد کی اسکیموں کو نافذ کرنے والی کمیٹی کے قائم مقام چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیں۔ جسٹس احمدی نے 25 اکتوبر 1994 سے 24 مارچ 1997 کو اپنی ریٹائرمنٹ تک چیف جسٹس آف انڈیا کے طور پر خدمات انجام دیں۔

سپریم کورٹ میں اپنی مدت کے دوران، جسٹس احمدی نے 232 فیصلے سنائے اور وہ 811 بنچوں کا حصہ رہے۔ اندرا ساہنی بمقابلہ یونین آف انڈیا اور اسماعیل فاروقی بمقابلہ یونین آف انڈیا دو قابل ذکر فیصلے ہیں، جن کا فیصلہ سنانے میں جسٹس احمدی شامل تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔