اردو کو اردو رسمِ خط میں ہی لکھنا پڑھنا چاہئے: پروفیسر اخترالواسع

وہ لوگ جو اردو زبان کے روایتی طور پر امانت دار ہیں اور اردو کلچر کی پیداوار ہیں انھیں تو اردو رسمِ خط میں ہی اردو زبان کو لکھنا پڑھنا چاہیے۔

فائل تصویر یو این آئی
فائل تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

اسلامی اسکالر اورمولانا آزاد یونیورسٹی، جودھپور کے سابق سربراہ پروفیسر اخترالواسع نے کہا کہ اردو محض ایک زبان نہیں بلکہ ایک تہذیبی رویے اور ثقافتی مظہر کی آئینہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اردو زبان کا رسمِ خط اس کی روح ہے اور یہ شرف بھی اردو زبان کے رسمِ خط کو حاصل ہے کہ فن خطاطی کے ذریعے وہ ہمارے فنونِ لطیفہ میں شامل ہے۔ اس لیے اردو زبان سے اگر کوئی رومن یا دیوناگری رسمِ خط کے ذریعے مستفید ہونا چاہتا ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، لیکن وہ لوگ جو اردو زبان کے روایتی طور پر امانت دار ہیں اور اردو کلچر کی پیداوار ہیں انھیں تو اردو رسمِ خط میں ہی اردو زبان کو لکھنا پڑھنا چاہیے۔


انہوں نے مزید کہاکہ زبانیں اپنے رسمِ خط کے ذریعے پہچانی جاتی ہیں۔ اگر رسمِ خط سے ہمارا رشتہ منقطع ہوجائے گا تو پھر زبان سے بھی ہم بے بہرہ ہوجائیں گے۔ اس المیے سے وہ زبان دوچار ہوچکی ہے جہاں سے اردو کا لفظ مستعار ہے، یعنی ترکی زبان۔ سیکڑوں سال کی ترکی زبان جو عربی فارسی رسمِ خط میں لکھی جاتی تھی، اسے کمال اتاترک نے بیک قلم بدل دیا اور لاطینی رسمِ خط کو ترکی کے لیے لازم قرار دے دیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ ترک اپنے ماضی، مہتم بالشان تاریخ، تہذیب، ثقافت اور انتہا یہ کہ مذہبی روایت سے بھی کٹ کر رہ گئے اور نتیجے میں وہ آج تک اس پر پشیمان بھی ہیں اور سرگرداں بھی لیکن جو نقصان ہونا تھا وہ تو ہو گیا۔ اردو ایسے کسی سانحے سے دوچار نہ ہو یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ آئیے عہد کریں کہ ہم اردو زبان کو اس کے رسمِ خط کے ساتھ فروغ دیں گے اور استحکام بخشیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔