مغربی ایشیا بحران کے باوجود خلیجی ممالک سے پروازیں جاری، ہندوستانی سفارت خانے شہریوں کی مدد میں مصروف: وزارت خارجہ
مغربی ایشیا کشیدگی کے درمیان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک میں موجود ہندوستانی سفارت خانے شہریوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ کئی ممالک سے پروازیں بحال ہیں اور ہیلپ لائنیں چوبیس گھنٹے فعال ہیں

مغربی ایشیا میں جاری بحران اور ایران و امریکہ کے درمیان بڑھتے اختلافات کے باوجود خلیجی ممالک سے ہوائی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ہندوستانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ خطے میں موجود ہندوستانی سفارت خانے اور قونصل خانے اپنے شہریوں کی حفاظت اور مدد کے لیے مسلسل سرگرم ہیں اور حالات پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
نئی دہلی میں منعقدہ روزانہ بین وزارتی پریس بریفنگ کے دوران وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سکریٹری برائے خلیج اسیم آر۔ مہاجن نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح مغربی ایشیا اور خلیجی ممالک میں مقیم ہندوستانی برادری کی سلامتی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت خارجہ ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہے تاکہ اطلاعات کے تبادلے اور امدادی کاموں میں بہتر تال میل قائم رکھا جا سکے۔
اسیم آر۔ مہاجن کے مطابق وزارت خارجہ میں قائم خصوصی کنٹرول روم پوری طرح فعال ہے اور ہندوستانی شہریوں یا ان کے اہل خانہ کی جانب سے کی جانے والی پوچھ گچھ کا جواب دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں موجود تمام ہندوستانی سفارت خانے اور قونصل خانے چوبیس گھنٹے ہیلپ لائن خدمات فراہم کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری مدد پہنچائی جا سکے۔
وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ کئی خلیجی ممالک نے مکمل یا جزوی طور پر فضائی خدمات بحال کر دی ہیں جبکہ اضافی پروازیں بھی چلائی جا رہی ہیں۔ متحدہ عرب امارات کا فضائی علاقہ پوری طرح کھلا ہوا ہے اور وہاں سے ہندوستان کے مختلف شہروں کے لیے پروازیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔ سعودی عرب اور عمان سے بھی مستقل فضائی خدمات جاری ہیں۔
وزارت کے مطابق قطر میں جزوی فضائی خدمات بحال کی گئی ہیں جبکہ ایئر انڈیا، ایئر انڈیا ایکسپریس، انڈیگو اور قطر ایئرویز مسافروں کو خدمات فراہم کر رہی ہیں۔ کویت کا فضائی علاقہ بھی کھلا ہوا ہے جبکہ بحرین سے انڈیگو اور گلف ایئرویز کی پروازیں جاری ہیں۔ عراق میں محدود تعداد میں پروازیں چل رہی ہیں۔
ایران کے حوالے سے وزارت خارجہ نے کہا کہ وہاں کا فضائی علاقہ جزوی طور پر کھولا گیا ہے، تاہم شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ حکومت نے ایران میں موجود ہندوستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد ہندوستانی سفارت خانے سے رابطہ کریں اور ممکن ہو تو وہاں سے نکلنے کی کوشش کریں۔
وزارت خارجہ نے ایک بار پھر یقین دلایا کہ بیرون ملک موجود ہر ہندوستانی شہری کی حفاظت اور مدد کے لیے حکومت پوری سنجیدگی کے ساتھ کام کر رہی ہے اور حالات کے مطابق ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
