یوگی حکومت میں ’لو جہاد‘ کرنے پر 5 سال قید اور بھاری جرمانہ! قانون سازی کے لئے مسودہ تیار

محکمہ داخلہ نے محکمہ قانون و انصاف کو لوجہاد پر بنائے جانے والے قانون کا مسودہ بھیجا ہے، حکومت کے دعویٰ کے مطابق اس قانون کا مقصد لالچ، دباؤ، دھمکی یا شادی کا دلاسہ دے کر تبدیل مذہب کی روک تھام ہے

وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، یو این آئی 
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، یو این آئی 
user

یو این آئی

لکھنؤ: اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت نے جمعہ کے روز محکمہ قانون و انصاف کو لو جہاد مخالف قانون کا مسودہ بھیجا ہے۔ یو این آئی نے ذرائع کے حوالہ سے کہا ہے کہ ریاست کے محکمہ داخلہ نے محکمہ قانون و انصاف کو لوجہاد پر بنائے جانے والے قانون کا مسودہ بھیج دیا ہے جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکومت کے دعویٰ کے مطابق اس قانون کا مقصد لالچ، دباؤ، دھمکی یا شادی کا دلاسہ دے کر تبدیل مذہب کی روک تھام ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے لو جہاد مخالف قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 5 سال کی قید ہوگی اور اس میں غیر ضمانتی دفعات عائد کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں اس نئے قانون میں بھاری جرمانے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ غالب گمان ہے کہ یوپی حکوت یہ بل اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں پیش کرے۔یوپی اسمبلی کے سرمائی اجلاس کا آغاز اگلے مہینے ہوگا۔تاہم امکانات یہ بھی ہیں کہ جلدی کے خاطر حکومت بل سے پہلے اس پر آرڈیننس لے آئے۔نئے قانون میں تبدیل مذہب کے لئے دباو ڈالنا مجرمانہ عمل ہوگا ۔

ریاستی وزیر قانون برجیش پاٹھک نے جمعہ کو یہاں بتایا کہ نئے قانون کا مسودہ جلد ہی عوامی سطح پر پیش کیا جائے گا۔تاکہ اس ضمن میں عوام کی آراء بھی حاصل کی جاسکیں ۔انہوں نے کہا کہ سماجی ہم آہنگی کے لئے اس طرح کے قانون کی ضرورت ہے۔متعدد لڑکیوں کو ان کے نام اور مذہب کی تبدیلی پر مجبور کیا گیا ہے جس پر اب سختی سے پابندی لگانے کی ضرورت ہے۔

ریاستی وزیر محسن رضا نے بھی ریاستی حکومت کے اس فیصلے کا استقبال کیا ہے۔محسن رضا کے مطابق ایسے سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کے لئے اس نئے سخت قانون کی ضرورت ہے جو معصوم لڑکیوں کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔

وہیں دوسری جانب آل انڈیا مسلم پرسنل لا بوڈ کے خاتون ونگ کی صدر سائشتہ عنبر نے حکومت کے اس طرح کے فیصلے کی سخت تنقید کرتے ہوئے لوجہاد قانون کو آئین کی روح کے خلاف قرار دیا۔انہوں نے جاری بیان میں کہا کہ سیاسی اقدار ،ملکی آئین، ہندوستانی تہذیب و ملک کا تحفظ تمام شہریوں اور حکومتوں کا فریضہ ہے۔ لو جہا قانون بنا کر حکومت کیا ثابت کرنا چاہتی ہے۔کسی مخصوص مذہب کو بنیاد بنا کر لوجہاد قانون لانا آئین کے ساتھ ساتھ ملک کی مشترکہ وراثت پر بھی ایک بڑا حملہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔