’پہلے 8 ہزار کروڑ والا طیارہ بیچیں‘، وزیر اعظم مودی کے سونا نہ خریدنے کے مشورے پر شنکراچاریہ نے کیا طنز
سونبھدر میں سوامی اویمکتیشورانند نے صحافیوں سے کہا کہ امریکی ڈالر 100 روپے کے قریب پہنچ رہا ہے، اس کو دیکھتے ہوئے کفایت شعاری کے اقدامات کا آغاز اقتدار میں بیٹھے لوگوں سے ہونا چاہیے۔

وزیر اعظم نریندر مودی کی سونا نہ خریدنے اور پیٹرول-ڈیزل کے استعمال میں کمی کی اپیل پر شنکراچاریہ اویمکتیشورانند کا رد عمل سامنے آیا ہے۔ شنکراچاریہ نے پیر کے روز کہا کہ حکومت کو عوام سے خرچ میں کمی کرنے کے لیے کہنے سے پہلے اپنے ’8 ہزار کروڑ روپے کے طیارے‘ کو فروخت کر کے کم ایندھن خرچ کرنے والے طیاروں کا استعمال کرنا چاہیے۔
سونبھدر میں اپنی ’گووِشٹ یاترا‘ کے دوران سوامی اویمکتیشورانند نے صحافیوں سے کہا کہ امریکی ڈالر 100 روپے کے قریب پہنچ رہا ہے، اس کو دیکھتے ہوئے کفایت شعاری کے اقدامات کا آغاز اقتدار میں بیٹھے لوگوں سے ہونا چاہیے۔ پی ایم مودی کی سونا نہ خریدنے کی اپیل پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’پہلے 8 ہزار کروڑ روپے کے طیارے کو بیچ کر کم ایندھن خرچ کرنے والے طیارے استعمال کیے جائیں۔ دھرم کا کام گھر سے شروع ہونا چاہیے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ پی ایم مودی نے اتوار کے روز عوام سے گزارش کی تھی کہ مغربی ایشیا کے بحران کے پیش نظر فی الحال پیٹرولیم مصنوعات کا محتاط استعمال وقت کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ درآمد شدہ پیٹرولیم مصنوعات کا استعمال صرف ضرورت کے مطابق کیا جانا چاہیے، کیونکہ اس سے نہ صرف زر مبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ جنگ کے منفی اثرات کو بھی کم کیا جا سکے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ وہ غیر ضروری بیرون ملک سفر، بیرون ملک چھٹیاں گزارنے اور غیر ملکی شادیوں سے بچیں اور گھریلو سیاحت کو فروغ دیں۔ ملک کے اندر ہی شادیاں کریں تاکہ زر مبادلہ کے ذخائر کو محفوظ رکھنے میں مدد ملے۔ پی ایم مودی نے لوگوں سے پبلک ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کی اپیل کرتے ہوئے میٹرو، بس، کار پول اور الیکٹرک وہیکل اپنانے کو کہا۔ اس کے علاوہ ’میک اِن انڈیا‘ مصنوعات خریدنے اور مقامی سطح پر تیار ہونے والی اشیا کو ترجیح دینے کی حوصلہ افزائی کی۔ پی ایم مودی نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ کیمیائی کھاد کا استعمال 50 فیصد کم کریں، قدرتی کھیتی اپنائیں اور ڈیزل پمپ کی جگہ شمسی توانائی سے چلنے والے پمپ لگائیں۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
