’اگنی ویروں کو ڈرائیور، الیکٹریشن، ہجام اور دھوبی کے طور پر تربیت دی جائے گی‘ مرکزی وزیر کے بیان پر ہنگامہ

جی کشن ریڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ اگنی پتھ اسکیم کے تحت تقرری حاصل کرنے والے نوجوانوں کو ڈرائیور، الیکٹریشن، ہجام، دھوبی اور دیگر پیشوں کی تربیت فراہم کی جائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: فوجی بھرتی کی نئی اسکیم ’اگنی پتھ‘ کے خلاف نوجوان سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اور بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ اور آگزنی کی جا رہی ہے، وہیں دوسری طرف مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے ایسا بیان دیا ہے جو نوجوانوں کو مزید مشتعل کر سکتا ہے۔ ’ٹائمز ناؤ‘ کی رپورٹ کے مطابق جی کشن ریڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ اگنی پتھ اسکیم کے تحت تقرری حاصل کرنے والے نوجوانوں کو ڈرائیور، الیکٹریشن، ہجام، دھوبی اور دیگر پیشوں کی تربیت فراہم کی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق کشن ریڈی نے یہ بیان جمعہ کے روز اس وقت دیا جب وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

خیال رہے کہ مرکزی حکومت نے منگل کے روز اگنی پتھ اسکیم کو متعارف کرایا، جس کے تحت 17.5 سے 21 سال کے نوجوانوں کو بری فوج، بحریہ اور فضائیہ میں قلیل مدتی 4 سالہ خدمات کے لئے بھرتی کیا جائے گا۔ حکومت نے بعد میں سال 2022 کی بھرتی کے لئے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد میں دو سال کی نرمی کرتے ہوئے اسے 23 سال کر دیا۔ چار سال کی ملازمت مکمل کرنے کے بعد 25 فیصد نوجوانوں کو فوج میں مستقل طور پر شامل کر لیا جائے گا، اگنی پتھ اسکیم کے تحت بھرتی نوجوانوں کو اگنی ویر کہا جائے گا۔


مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کے بیان پر متعدد لیڈران نے اعتراض ظاہر کیا ہے۔ کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے ٹوئٹر پر کشن ریڈی کے بیان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اسے واہیات بیان قرار دیا۔ جبکہ تلنگانہ کے وزیر کے ٹی راماراؤ نے اس بیان کو حیرت ناک قرار دیا ہے۔

شیو سینا لیڈر پرینکا چترویدی نے بھی ریڈی کے بیان پر رد عمل ظاہر کیا۔ انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے طنز کیا ’’مسلح افواج اب اگنی پتھ بھرتی اسکیم کے تحت ملک کے لئے ہنر مند افراد مثلاً ڈرائیور، الیکٹریشن وغیرہ کے لئے تربیتی میدان ہوں گی۔ کامیابی کی ایک نئی راہ کھل گئی ہے!‘‘


خیال رہے کہ تلنگانہ، بہار، مغربی بنگال، اتر پردیش، ہریانہ اور مدھیہ پردیش سمیت متعدد ریاستوں میں اگنی پتھ اسکیم کے خلاف پرتشدد مظاہرے ہو رہے ہیں اور اب تک متعدد ٹرینوں اور عوامی املاک کو نذر آتش کیا جا چکا ہے۔ ہزاروں مظاہرین ریلوے ٹریک اور سڑکیں مسدود کر کے احتجاج کر رہے ہیں۔

کانگریس پارٹی نے اس اسکیم پر نوجوانوں کی حمایت کی ہے اور آج راجدھانی دہلی میں جنتر منتر پر ستیہ گرہ کیا۔ تاہم، مرکز کی اسکیم پر اپوزیشن کی طرف سے شدید تنقید کی گئی ہے، جبکہ حکمراں بی جے پی اور آرمی، بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان نے اس کا دفاع کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔