دہلی میں دیوالی کے بعد فضائی آلودگی کی سب سے بڑی وجہ پٹاخے، آئی آئی ٹی ایم کی رپورٹ میں انکشاف

آئی آئی ٹی ایم کی رپورٹ کے مطابق، دیوالی کے اگلے دن دہلی کی فضائی آلودگی میں پٹاخوں کا حصہ 71.1 فیصد رہا، جو منگل کو کم ہو کر 29.8 فیصد پر آ گیا۔ گاڑیوں کا دھواں دوسرا بڑا ذریعہ رہا

<div class="paragraphs"><p>دیوالی پر آتش بازی / آئی اے این ایس</p></div>
i

دہلی میں دیوالی کے بعد فضائی آلودگی میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ پٹاخے رہے۔ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹراپیکل میٹرولوجی (آئی آئی ٹی ایم) کی ایک رپورٹ کے مطابق، دیوالی کے اگلے دن پیر کو دہلی کی فضائی آلودگی میں پٹاخوں کا حصہ 71.1 فیصد رہا، جبکہ منگل کو یہ کم ہو کر 29.8 فیصد پر آ گیا۔ رپورٹ سے واضح ہوتا ہے کہ دیوالی کے فوراً بعد فضائی آلودگی میں پٹاخوں کا کردار سب سے زیادہ رہا، تاہم اگلے روز اس کے اثرات میں کمی درج کی گئی۔

آئی آئی ٹی ایم کے اعداد و شمار کے مطابق، پیر کو دہلی کی فضائی آلودگی میں گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں کا حصہ 6.9 فیصد تھا۔ اس کے بعد غیر نامیاتی (ان آرگینک) ایروسول کا حصہ 5 فیصد اور نامیاتی (آرگینک) ایروسول کا حصہ 4.5 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لکڑی جلانے سے ہونے والی آلودگی کا حصہ 1.3 فیصد رہا، جبکہ کچرا جلانے سے 1.1 فیصد آلودگی پیدا ہوئی۔ اس میں میونسپل کارپوریشن کے کچرے کے علاوہ پلاسٹک اور ربڑ جیسا فضلہ جلانے سے پیدا ہونے والا دھواں بھی شامل ہے۔


اعداد و شمار کے مطابق، دہلی کی فضائی آلودگی میں کوئلہ جلانے کا حصہ 0.5 فیصد اور صنعتی اخراج کا حصہ محض 0.2 فیصد رہا۔ اس طرح پیر کے روز آلودگی کے مختلف ذرائع میں پٹاخوں کا حصہ دیگر تمام ذرائع کے مقابلے میں کہیں زیادہ تھا۔

رپورٹ میں پیر اور منگل کے اعداد و شمار کا تقابلی جائزہ بھی اہم ہے۔ پیر کو جہاں پٹاخوں کی وجہ سے آلودگی میں ان کا حصہ 71.1 فیصد تک پہنچ گیا تھا، وہیں منگل کو یہ گھٹ کر 29.8 فیصد رہ گیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دیوالی کے موقع پر بڑے پیمانے پر پٹاخے جلانے کے بعد پیدا ہونے والی آلودگی نے دہلی کی فضائی کیفیت کو شدید متاثر کیا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔