مہاراشٹر: او این جی سی پلانٹ آتشزدگی میں مہلوکین کی تعداد 7 ہوئی، 8 دیگر زخمی

موصولہ اطلاعات کے مطابق مہلوکین میں 3 سی آئی ایس ایف کے جوان، 2 او این جی سی کے ملازمین اور دو دمکل ملازمین شامل ہیں۔ اس واقعہ میں کم از کم 8 لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی خبریں ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نوی ممبئی واقع اُرن او این جی سی پلانٹ میں زبردست آگ لگنے کی خبروں کے درمیان اب تک 7 لوگوں کی اموات کی اطلاع موصول ہو رہی ہے۔ منگل کے روز علی الصبح ہوئے اس آتشزدگی کے واقعہ میں پہلے 4 لوگوں کے ہلاک ہونے کی خبریں آئیں تھیں، لیکن اب کئی میڈیا ذرائع نے یہ تعداد بڑھ کر 7 ہونے کی اطلاع دی ہے۔ مہلوکین میں 3 سی آئی ایس ایف کے جوان، 2 او این جی سی کے ملازمین اور دو دمکل ملازمین شامل ہیں۔ اس واقعہ میں کم از کم 8 لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی خبریں ہیں جنھیں مقامی سپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔

موصولہ خبروں کے مطابق آتشزدگی واقعہ کے تقریباً تین گھنٹوں کے اندر اس آگ پر قابو پا لیا گیا لیکن اتنے ہی وقت میں کافی نقصان ہو گیا۔ آگ پر قابو پانے کے لیے دمکل کی 12 گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور اب بھی وہاں موجود ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ گیس پروسیسنگ پلانٹ میں صبح تقریباً 7 بجے یہ آگ لگی۔ کچھ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ پلانٹ کے اسٹارم واٹر ڈرونیج میں لگی تھی۔


آگ لگنے کے بعد پلانٹ اور قریب کے پورے علاقے کو خالی کرا لیا گیا تھا، لیکن اب حالات قابو میں ہیں۔ آگ لگنے کے اسباب کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی ہوگی۔ اس درمیان او این جی سی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے یہ خبر دی ہے کہ حالات قابو میں ہیں اور گیس کو دوسری لائن میں ڈائیورٹ کر دیا گیا ہے۔


غور طلب ہے کہ گزشتہ مہینے اگست میں ممبئی کے گورے گاؤں کے انڈسٹریل علاقے میں واقع ایک بلڈنگ میں اچانک آگ لگ گئی تھی۔ یہاں کیمیکل فرماسیوٹیکل کے سامان رکھے ہوئے تھے جس کی وجہ سے کروڑوں کا نقصان پہنچا تھا۔ مہاراشٹر میں آگ لگنے کے کئی واقعات گزشتہ مہینوں میں منظر عام پر آئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */