شہریت ترمیمی بل لوک سبھا سے پاس، حق میں 311 اور خلاف میں پڑے 80 ووٹ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

10 Dec 2019, 12:11 AM

شہریت ترمیمی بل لوک سبھا میں 80 کے مقابلے 311 ووٹوں سے پاس

شہریت ترمیمی بل 2019 لوک سبھا سے بہ آسانی پاس ہو گیا۔ اپوزیشن پارٹیوں کی سخت مخالفت کے باوجود مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ذریعہ پیش کردہ شہریت ترمیمی بل 2019 کو پاس کرانے میں حکمراں جماعت کو ذرا بھی پریشانی نہیں ہوئی۔ چونکہ لوک سبھا میں تنہا بی جے پی کے ہی 300 سے زائد اراکین ہیں اور بی جے پی کو اپنے اتحادی پارٹیوں کا بھی تعاون حاصل ہوا، اس طرح جب بل کے لیے ووٹنگ ہوئی تو حق میں 311 ووٹ پڑے جب کہ بل کی مخالفت میں محض 80 ووٹ پڑے۔

09 Dec 2019, 11:46 PM

لوک سبھا میں شہریت ترمیمی بل 2019 کے لیے ووٹنگ کا عمل شروع

09 Dec 2019, 11:07 PM

لوک سبھا: شہریت ترمیمی بل پر اپوزیشن لیڈروں کے سوالوں کا جواب دے رہے ہیں امت شاہ

شہریت ترمیمی بل پر اپوزیشن اراکین نے لوک سبھا میں زبردست مخالفت کا مظاہرہ کیا۔ اوزیشن پارٹی لیڈران نے اس بل کو ہر طرح سے غیر آئینی اور غیر اخلاقی ٹھہرانے کی کوشش کی۔ اب مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اپوزیشن لیڈروں کے سوالوں کا جواب دے رہے ہیں۔


09 Dec 2019, 10:42 PM

شہریت ترمیمی بل کے خلاف ششی تھرور نے اٹھائی آواز، کہا- یہ قانون ملک کی روح کو تقسیم کر دے گا

شہریت ترمیمی بل پر لوک سبھا میں بحث جاری ہے۔ اس میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے کہا کہ یہ قانون ملک کی روح کو تقسیم کرنے والا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس بل کے ذریعہ حکومت پاکستان کے بانی جناح کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کر رہی ہے۔

09 Dec 2019, 9:13 PM

اسدالدین اویسی نے شہریت ترمیمی بل کی مخالفت میں بل کی کاپی پھاڑی

اے آئی ایم آئی ایم نے شہریت ترمیمی بل کی مخالفت کی ہے۔ لوک سبھا میں بحث کے دوران اسدالدین اویسی نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ’’چین کے بارے میں حکومت کیوں نہیں بولتی۔ شہریت بل ہٹلر کے قانون سے بھی بدتر ہے۔ ایک اور تقسیم ہونے جا رہا ہے۔ شہریت ترمیمی بل سے ملک کو خطرہ ہے۔‘‘ اویسی نے اپنی تقریر کرتے ہوئے آخر میں اس بل کی کاپی کو پھاڑ دیا۔


09 Dec 2019, 8:02 PM

ہمیں ہر مذہب کے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، شہریت ترمیم بل نامناسب: سپریا سولے

این سی پی نے شہریت ترمیمی بل کی مخالفت کی ہے۔ این سی پی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اس بل کو لے کر پھر سے غور کیا جانا چاہیے۔ میرا کہنا ہے کہ اپنے ملک سے کسی کو بے گھر نہ کریں۔ یہ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہمیں ہر مذہب کے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ بل کام نہیں کرے گا اور سپریم کورٹ میں ضرور اٹکے گا۔ آپ اس بل کو کتنی بھی اچھی نیت سے لائے ہوں، لیکن آپ کو اس بل کو لے کر دوبارہ غور کرنا چاہیے اور اس بل کو واپس لینا چاہیے۔‘‘

09 Dec 2019, 7:11 PM

آسام: شہریت ترمیمی بل کے خلاف مظاہرہ، سونت پور میں دفعہ 144 نافذ

آسام میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف مظاہرہ میں لگاتار تیزی آتی جا رہی ہے۔ ان مظاہروں کو دیکھتے ہوئے آسام کے سونت پور میں دفعہ 144 نافذ کر دیا گیا ہے۔ سونت پور کے ایس پی کمار کرشنا نے یہ جانکاری میڈیا کو دی۔


09 Dec 2019, 6:12 PM

جب تک ہم یہاں ہیں، آپ کو شہریت ترمیمی بل سے ڈرنے کی ضرورت نہیں: ممتا بنرجی

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کھڑگ پور میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے واضح لفظوں میں کہا کہ مغربی بنگال کے لوگوں کو شہریت ترمیمی بل 2019 سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ جب تک ہم یہاں ہیں، کوئی بھی آپ کے اوپر کوئی دباؤ نہیں بنائے گا۔‘‘

09 Dec 2019, 5:43 PM

ٹو نیشنل تھیوری کانگریس نے نہیں، سب سے پہلے ساورکر نے پیش کیا: منیش تیواری

کانگریس لوک سبھا رکن منیش تیواری نے شہریت ترمیمی بل پر اپنی بات رکھنے کے دوران مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے اس بیان پر ناراضگی ظاہر کی جس میں انھوں نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کی مذہب کی بنیاد پر تقسیم کے لیے کانگریس ذمہ دار ہے۔ منیش تیواری نے کہا کہ ’’آج وزیر داخلہ نے کہا کہ کانگریس مذہبی بنیاد پر ملک کی تقسیم کے لیے ذمہ داری ہے۔ میں یہ صاف کر دینا چاہتا ہوں کہ دو ملکی نظریہ کی بنیاد سب سے پہلے 1935 میں احمد آباد میں ساورکر کے ذریعہ رکھا گیا اور یہ ہندو مہاسبھا کے اجلاس میں ہوا۔‘‘


09 Dec 2019, 5:06 PM

لوک سبھا: شہریت ترمیمی بل سے کسی کو ڈرنے کی ضرورت نہیں... امت شاہ

لوک سبھا میں شہریت ترمیمی بل 2019 پیش کر دیا گیا ہے اور اس پر بحث کا آغاز بھی ہو گیا ہے۔ اس وقت مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اس بل سے متعلق ضروری باتوں کو سامنے رکھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس بل سے کسی کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انھوں نے اپوزیشن پارٹیوں کے ذریعہ بل کی مخالفت کیے جانے پر کہا کہ اس کے پیچھے کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے اور کسی کے ساتھ ناانصافی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔

09 Dec 2019, 4:23 PM

فیس اضافہ کے خلاف راشٹرپتی بھون مارچ کر رہے جے این یو طلبا پر پولس لاٹھی چارج

جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں فیس اضافہ کے خلاف طلبا کا احتجاج لگاتار جاری ہے۔ آج جے این یو طلبا صدر جمہوریہ سے مل کر اپنی بات رکھنے والے تھے اور اس کے لیے انھوں نے راشٹرپتی بھون کے لیے مارچ نکالا۔ طلبا کے اس گروپ پر سروجنی نگر میں پولس نے زبردست لاٹھی چارج کیا جس میں کچھ طلبا زخمی بھی ہوئے ہیں۔


09 Dec 2019, 4:11 PM

اناج منڈی آتشزدگی: فیکٹری مالک ریحان اور منیجر فرقان 14 روزہ پولس حراست میں

دہلی اناج منڈی آتشزدگی واقعہ میں گرفتار کیے گئے فیکٹری کے مالک ریحان اور منیجر فرقان کو دہلی تیس ہزاری کورٹ نے 14 دن کی پولس حراست میں بھیج دیا ہے۔ اب پولس ان دونوں سے پوچھ تاچھ کرے گی اور آگے کی کارروائی کے لیے رپورٹ تیار کرے گی۔

09 Dec 2019, 3:30 PM

فلم ’پانی پت‘ کو لے کر جے پور میں ہنگامہ، سنیما ہال میں زبردست توڑ پھوڑ

راجستھان کے جے پور میں آئناکس سنیما ہال میں جاٹ سماج کے نوجوانوں نے زبردست توڑ پھوڑ کی ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ مہاراجہ سورج مل کو فلم ’پانی پت‘ میں غلط طریقے سے پیش کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلم نے جاٹ طبقہ کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔


09 Dec 2019, 2:45 PM

ایودھیا فیصلہ: ہندو مہاسبھا نے سپریم کورٹ میں داخل کی نظرثانی عرضی

نئی دہلی: اجودھیا تنازعہ میں ہندو فریق کی جانب سے اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا نے پیر کو سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی عرضی دائر کی۔ مہاسبھا کی جانب سے وکیل وشنو شنکر جین نے یہ عرضی دائر کی۔ عرضی میں سنی وقف بورڈ کو پانچ ایکڑ زمین دینے کے سپریم کورٹ کے 9 نومبر کے فیصلے کی مخالفت کی گئی ہے۔ عرضی گزار نے سپریم کورٹ سے بابری مسجد کو منہدم کرنے کو غیر قانونی بتانے والے تبصرے کو ہٹانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

09 Dec 2019, 1:41 PM

شہریت ترمیمی بل پیش کرنے کے حق میں پڑے 303 ووٹ، خلاف میں 82 ووٹ

شہریت ترمیمی بل مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے لوک سبھا میں پیش کیا تھا لیکن اس کے خلاف لوگ آواز اٹھانے لگے اور اپوزیشن لیڈران نے کہا کہ بل پیش کیا جائے یا نہیں، اس پر بھی بحث ہونی چاہیے۔ کافی ہنگامے کے بعد لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے سبھی لوک سبھا اراکین سے اس بات کے لیے ووٹنگ کرائی کہ بل پیش کیا جانا چاہیے یا نہیں۔ اس ووٹنگ کے نتیجہ میں 293 ووٹ بل پیش کیے جانے کے حق میں جب کہ 82 ووٹ بل پیش نہ کیے جانے کے حق میں پڑے۔ اس نتیجہ کو دیکھ کر ایک بات سامنے یہ بھی آتی ہے کہ بی جے پی کے 303 اراکین میں سے 10 اراکین اسمبلی کے ووٹ بل پیش کیے جانے کے حق میں نہیں پڑے۔


09 Dec 2019, 1:26 PM

لوک سبھا: اسدالدین اویسی نے امت شاہ کا موازنہ ہٹلر سے کیا، بی جے پی اراکین کا ہنگامہ

آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے صدر اسدالدین اویسی کے بیان پر لوک سبھا میں بی جے پی کے اراکین پارلیمنٹ نے ہنگامہ کیا ہے۔ شہریت ترمیمی بل کی مخالفت کرتے ہوئے اویسی نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا موازنہ ہٹلر سے کر دیا۔ اس کے بعد لوک سبھا میں بی جے پی کے اراکین پارلیمنٹ نے ہنگامہ شروع کر دیا۔ حالانکہ اویسی کے اس بیان کو ریکارڈ سے باہر نکال دیا گیا۔ اسدالدین اویسی نے کہا کہ مسلم بھی اسی ملک کے حصہ ہیں، ایسے میں اس ملک کو ایسے قانون سے وزیر داخلہ بچائیں۔

09 Dec 2019, 12:52 PM

لوک سبھا: بی جے پی اراکین نے کیا ہنگامہ تو سوگت رائے نے کہا ’ماریں گے کیا؟‘

ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سوگت رائے نے شہریت ترمیمی بل پر اپنی رائے ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آج آئین بہت بڑے بحران کا شکار ہے۔ سوگت رائے کے اس بیان پر بی جے پی کے اراکین پارلیمنٹ نے ہنگامہ شروع کر دیا۔ ہنگامہ کر رہے بی جے پی اراکین پارلیمنٹ سے سوگت رائے نے کہا کہ ’’ماریں گے کیا، آئیے ماریے۔‘‘ سوگت رائے نے کہا کہ یہ بل دفعہ 14 کے پوری طرح خلاف ہے۔


09 Dec 2019, 12:23 PM

لوک سبھا: امت شاہ نے شہریت ترمیمی بل پیش کیا

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے لوک سبھا میں ہنگاموں کے درمیان آج شہریت ترمیمی بل پیش کر دیا۔ اب اس بل پر ایوان میں بحث ہوگی۔

09 Dec 2019, 11:30 AM

شمالی مشرقی ریاستوں میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف بند

آج پارلیمنٹ میں وزیر داخلہ امت شاہ شہریت ترمیمی بل پیش کرنے جا رہے ہیں لیکن ملک میں اس بل کے خلاف کافی ناراضگی نظر آ رہی ہے۔ شمال مشرقی ریاستوں کی کئی تنظیموں نے اس بل کے خلاف آج بند کا اعلان کیا ہے اور خبروں کے مطابق اس بند کا اثر واضح نظر آ رہا ہے۔ آسام سے آنے والی خبروں کے مطابق بند کا کافی اثر ہے اور دوکانیں بند نظر آ رہی ہیں۔


09 Dec 2019, 11:19 AM

مشہور صحافی و ادیب حفیظ نعمانی کا انتقال

معروف اور بیباک صحافی حفیظ نعمانی کا کل دیر شب انتقال ہو گیا۔ ان کی کافی دنوں سے طبعیت ناساز چل رہی تھی اور وہ 90 برس کے تھے۔ ان کی تدفین آج ظہر کی نماز کے بعد کی جائے گی۔ حفیظ نعمانی کا آبائی وطن سنبھل تھا اور وہ مولانا منطور نعمانی کے صاحب زادہ تھے۔ ان کا شمار ملک کے بیباک اور بے خوف صحافیوں میں کیا جاتا تھا۔

09 Dec 2019, 10:55 AM

وزیر اعظم مودی نے سونیا گاندھی کوسالگرہ کی مبارکباد دی

وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کو سالگرہ کی مبارک ہو دیتے ہوئے ان کی اچھی صحت اور درازیٔ عمر کی دعا کی۔ مسٹر مودی نے ٹویٹ کر کےکہا’’ محترمہ سونیا گاندھی جی کو سالگرہ کی دلی مبارکباد، ان کی اچھی صحت اور درازیٔ عمر کے لئے دعا گوہوں‘‘۔


09 Dec 2019, 9:20 AM

کرناٹک ضمنی انتخابات میں بی جے پی آگے، کانگریس کے ارشد بھی آگے

کرناٹک کے ضمنی انتخابات میں جو ابتداعی رجحانات سامنے آئے ہیں اس میں بی جے پی پندرہ میں سے دس نشستوں پر آگے ہے۔ ادھر خبر ہے کہ کانگریس اور جنتا دل ایس دو دو نشستوں پر آگے چل رہی ہے ۔ واضح رہے بی جے پی کو اپنی حکومت بچانے کے لئے کم ازکم چھہ سیٹوں کا جیتنا ضروری ہے۔ ادھر کانگریس کے ارشداپنی سیٹ سے آگے چلرہے ہیں۔

09 Dec 2019, 8:36 AM

کرناٹک کے ضمنی انتخابات کے نتائج آج، گنتی شروع

کرنا ٹک میں 15 نشستوں کے لئے ضمنی انتخابات کے نتائج آض آنے ہیں اور اس کے لئے گنتی کا کام شروع ہو گیا ہے۔ واضح رہے بی جے پی کی ییدورپا حکومت کے لئے کم از کم چھہ نشستوں کا جیتنا ضروری ہے۔ اگر اس ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو چھہ نشستیں مل گئیں تو اس کی حکومت بچ سکتی ہے ۔


09 Dec 2019, 8:29 AM

دہلی، بلڈنگ میں دوبارہ لگی آگ

جس بلڈنگ میں کل آگ لگی تھی جس میں 43 لوگوں کی موت ہو گئی تھی اس میں آج صبح پھر آگ کا دھواں اٹھتا نظر آیا۔ علاقہ کے لوگوں نے فائر بریگیڈ کو فون کیا اور خبروں کے مطابق فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں وہاں پہنچ گئی ہیں۔ اس بلڈنگ کے آس پاس رہ رہے لوگوں میں خوف ہے اور وہ وہاں سے منتقل ہونے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */