ایف ڈی سی ادویات 4 برس سے کم عمر کے بچوں کے لیے منع، لیبل پر انتباہ لکھنا لازمی

حکومت نے 4 برس سے کم عمر بچوں کے لیے ’کلورفینیرامائن میلیٹ‘ اور ’فینی لیفرین ہائیڈروکلورائیڈ‘ پر مشتمل ’فکسڈ ڈوز کمبینیشن‘ (ایف ڈی سی) کی تیاری، فروخت اور تقسیم پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر، سوشل میڈیا</p></div>
i

چھوٹے بچوں کی صحت اور تحفظ کے حوالے سے مرکزی حکومت نے اہم فیصلہ لیا ہے۔ حکومت نے 4 برس سے کم عمر کے بچوں کے لیے ’کلورفینیرامائن میلیٹ‘ اور ’فینی لیفرین ہائیڈروکلورائیڈ‘ پر مشتمل ’فکسڈ ڈوز کمبینیشن‘ (ایف ڈی سی) کی تیاری، فروخت اور تقسیم پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔ وزارت صحت نے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اب ان دونوں اجزا پر مشتمل کسی بھی فارمولیشن کی تیاری یا فروخت نہیں کی جا سکے گی۔ ساتھ ہی کمپنیوں کے لیے یہ لازمی کر دیا گیا ہے کہ وہ ان ادویات کے لیبل پر واضح انتباہ تحریر کریں کہ اس کا استعمال 4 برس سے کم عمر کے بچوں پر نہیں کیا جانا چاہیے۔‘‘

حکومت نے اس فیصلے کے پیچھے بچوں کی حفاظت کو سب سے بڑی وجہ قرار دیا ہے۔ در اصل یہ فیصلہ ایک ’ایکسپرٹ کمیٹی‘ اور ’ ڈرگز ٹیکنیکل ایڈوائزری بورڈ‘ (ڈی ٹی اے بی) کی سفارش کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ ماہرین نے اپنی رپورٹ میں پایا کہ ’کلورفینیرامائن میلیٹ‘ اور ’فینی لیفرین‘ کا مرکب 4 برس سے کم عمر کے بچوں کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 15 اپریل 2025 کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے ذریعے حکومت نے کلورفینیرامائن میلیٹ اور فینی لیفرین ہائیڈروکلورائیڈ پر مشتمل صرف کچھ مخصوص ایف ڈی سی پر ہی پابندی عائد کی تھی، جس میں عمر سے متعلق انتباہ بھی شامل تھا۔ لیکن تازہ نوٹیفکیشن کے ساتھ حکومت نے اس ضابطے کا دائرہ بڑھا دیا ہے۔ اب یہ پابندی ان دونوں اجزا پر مشتمل تمام طرح کی فارمولیشنز پر نافذ ہوگی، خواہ وہ کسی بھی برانڈ یا خوراک میں ہوں۔


نئے نوٹیفکیشن کے مطابق سبھی مینوفیکچررز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان فارمولیشنز سے متعلق لیبل، پیکیج انسرٹ اور تشہیری مواد پر واضح طور پر یہ انتباہ لازمی طور پر تحریر کریں: ’’فکسڈ ڈوز کومبینیشن کا استعمال 4 برس سے کم عمر کے بچوں پر نہیں کیا جانا چاہیے۔‘‘ یہ نوٹیفکیشن ڈرگز اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ، 1940 کی دفعہ 26 اے کے تحت عوامی مفاد میں جاری کیا گیا ہے اور یہ آفیشل گزٹ میں اس کی اشاعت کی تاریخ سے نافذ العمل ہو جائے گا۔ اس فیصلے کے بعد اب بازار میں فروخت ہونے والے نزلہ، زکام کے کئی مقبول سیرپ اور ادویات کے متاثر ہونے کا امکان ہے، جس کا استعمال عام طور پر چھوٹے بچوں کے لیے کیا جاتا تھا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔