مظفرنگر مہاپنچایت LIVE: راکیش ٹکیت نے ایک ساتھ لگائے ’اللہ اکبر‘ اور ’ہر ہر مہادیو‘ کے نعرے

مظفرنگر مہاپنچایت
مظفرنگر مہاپنچایت
user

قومی آوازبیورو

05 Sep 2021, 2:45 PM

راکیش ٹکیت نے اسٹیج سے ’اللہ اکبر‘ اور ’ہر ہر مہادیو‘ کے نعرے لگائے

مظفرنگر میں منعقدہ کسان مہاپنچایت سے خطاب کرتے ہوئے راکیش ٹکیت نے کہا کہ گزشتہ 9 مہینے سے تحریک چل رہے ہے لیکن حکومت نے بات چیت کرنا بند کر دیا۔ سینکڑوں کسانوں نے جان گنوا دی لیکن ان کے لئے ایک منٹ بھی خاموشی اختیار نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد محض یوپی کو بچانا نہیں بلکہ پورے ملک کو بچانا ہوگا۔ ہر عوامی چیز کو جس طرح بیچا جا رہا ہے اس کی اجازت کس نے دی۔

دریں اثنا، راکیش ٹکیت نے مہاپنچایت سے قومی یکجہتی کا پیغام دیا اور بیک وقت اللہ اکبر اور ہر ہر مہادیو کے نعرے لگائے۔ انہوں نے کہا یہ لوگ باٹنے کا کام کر رہے ہیں، ہمیں انہیں روکنا ہوگا۔ پہلے اس ملک میں اللہ اکبر اور ہرہر مہادیو کے نعرے ایک ساتھ لگائے جاتے تھے، آگے بھی لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوپی کی سرزمین دنگہ کرانے والوں کے سپرد نہیں کریں گے۔

05 Sep 2021, 1:36 PM

راکیش ٹکیت نے دس مہینے بعد اپنے آبائی ضلع میں قدم رکھا

بھارتیہ کسان یونین کے ترجمان اور ملک بھر کے کسانوں کے آواز بن چکے راکیش ٹکیت نے کسان تحریک شروع ہونے کے بعد سے آج تقریباً 10 مہینے بعد اپنے آبائی ضلع یعنی کہ مظفرنگر میں قدم رکھا۔ وہ جی آئی سی میدان میں پہنچ چکے ہیں جہاں سنیوکت کسان مورچہ کی طرف سے طلب کی گئی کسان مہاپنچایت چل رہی ہے۔ راکیش ٹکیت کے ساتھ سوراج پارٹی کے لیڈر یوگیندر یادو اور دیگر لیڈران بھی نظر آ رہے ہیں۔

05 Sep 2021, 1:13 PM

کسانوں کے جم غفیر سے کچھ دیر میں خطاب کریں گے راکیش ٹکیت

مظفر نگر کے جی آئی سی میدان پر کسانوں کی عظیم الشان مہا پنچایت جاری ہے۔ راکیش ٹکیت اسٹیج پر پہنچ چکے ہیں اور وہ کچھ ہی دیر میں بڑے جمِ ٖ غفیر سے خطاب کرنے جا رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ جی آئی سی میدان میں لاکھو کسان موجود ہیں اور اتنی ہی تعداد میں کسان میدان کے باہر بھی جمع ہیں۔ مظفرنگر کی سڑکوں پر اس وقت پیر رکھنے کی بھی جگہ نہیں ہے۔


05 Sep 2021, 11:34 AM

راکیش ٹکیت کی مظفرنگر آمد، استقبال کئے امنڈا جمِ ٖ غفیر

کسان لیڈر راکیش ٹکیت مظفرنگر پہنچ چکے ہیں، جہاں کے جی آئی سی میدان پر ہو رہی کسان مہاپنچایت میں وہ شرکت کے لئے پہنچیں گے۔ ادھر جی آئی سی کے میدان پر ہزاروں کی تعداد میں کسان موجود ہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔

05 Sep 2021, 10:46 AM

مہاپنچایت میں امنڈا کسانوں کا سیلاب، راکیش ٹکیت کا انتظار  

مظفرنگر کے جی آئی سی میدان پر کسان مہا پنچایت کچھ ہی دیر میں شروع ہو جائے گی اور یہاں کسانوں کا سیلاب امنڈ پڑا ہے۔ 11 بجے شروع ہونے جا رہی اس مہا پنچایت میں کسان لیڈر راکیش ٹکیت کچھ ہی دیر میں پہنچنے والے ہیں۔ ٹکیت صبح غازی پور سے روانہ ہو چکے ہیں اور فی الحال راستہ میں ہیں۔


05 Sep 2021, 9:33 AM

قانون واپسی تک گھر واپسی نہیں، راکیش ٹکیت

مظفرنگر مہاپنچایت میں پہنچنے سے پہلے راکیش ٹکیت نے کہا کہ جب سے کسان تحریک شروع ہوئی ہے وہ اپنے گھر نہیں گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسے آپ جو بھی سمجھیں لیکن جب تک قانون واپسی نہیں ہوگی تب تک گھر واپسی بھی نہیں ہوگی۔ جو لوگ آزادی کے لئے لڑے تھے انہیں کالا پانی کی سزا ہوئی اور وہ کبھی گھر نہیں جا سکے تھے۔ یہ بھی ایک طریقہ کا کالا قانون ہے لہذا وہ بھی قانون واپسی تک گھر کا رخ نہیں کریں گے۔

05 Sep 2021, 9:27 AM

صبح 11 بجے شروع ہوگی مہاپنچایت

مغربی اتر پردیش کے مظفرنگر شہر میں آج کسانوں کی ایک مہا پنچایت ہونے جا رہی ہے۔ یہاں کے جی آئی سی میدان پر ہونے جا رہی یہ مہاپنچایت صبح 11 بجے شروع ہو جائے گی۔ مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کسانوں کے ساتھ دہلی کی سرحدوں پر مدت طویل سے تحریک چلا رہے کسان بھی اس مہاپنچایت کا رخ کر رہے ہیں۔ سنیوکت کسان مورچہ کا دعویٰ ہے کہ یہ اب تک کی سب سے بڑی مہاپنچایت ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔