یورپی یونین کے مشن سربراہان نے راہل گاندھی سے کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور عالمی صورتحال پر تبادلۂ خیال
یورپی یونین کے مشن سربراہان نے راہل گاندھی سے ملاقات کی۔ اس دوران ہندوستان اور یورپی یونین کے تعلقات، حکمت عملی شراکت داری اور موجودہ عالمی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا

نئی دہلی: یورپی یونین کے 27 رکن ممالک کے مشن سربراہان نے جمعرات کو لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے سے ملاقات کی، جس کے دوران ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان مضبوط ہوتے تعلقات اور موجودہ عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات کے دوران کانگریس کے خارجہ امور کمیٹی کے صدر سلمان خورشید بھی موجود رہے۔ یورپی یونین کے وفد کی جانب سے شانتی نکیتن میں ایک ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جس میں راہل گاندھی اور سلمان خورشید نے شرکت کی۔
ہندوستان میں یورپی یونین کے سفیر ہروے ڈیلفن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ یورپی یونین کے مشن سربراہان کی جانب سے منعقدہ اس ظہرانے میں راہل گاندھی اور سلمان خورشید شریک ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان بڑھتی ہوئی حکمت عملی شراکت داری اور عالمی سطح پر بدلتے حالات پر گفتگو کی گئی۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی ہروے ڈیلفن نے ہندوستان اور یورپی یونین کے تعلقات کی اہمیت پر زور دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں دنیا کی بڑی جمہوری قوتیں ہیں اور حالیہ برسوں میں ان کے تعلقات میں معیاری اور حکمت عملی سطح پر نمایاں تبدیلی دیکھی گئی ہے۔ ان کے مطابق دونوں فریق ایک زیادہ وسیع اور مضبوط شراکت داری کی سمت آگے بڑھ رہے ہیں۔
