یوپی اسمبلی انتخاب سے قبل 10 راجیہ سبھا سیٹوں پر انتخاب کا اعلان، 16 اکتوبر کو ہوگی ووٹنگ
اتر پردیش اسمبلی میں 403 نشستیں ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے اندر اسمبلی کے 6 اراکین کی موت ہو چکی ہے۔ اس لیے 397 اراکین مل کر راجیہ سبھا کی 10 نشستوں کے لیے ووٹ دیں گے۔

اتر پردیش کی 10 راجیہ سبھا نشستوں اور اتراکھنڈ کی ایک راجیہ سبھا نشست سمیت مجموعی طور پر 11 نشستوں پر 16 اکتوبر کو انتخاب کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ دراصل اتر پردیش کے 10 راجیہ سبھا اراکین کی مدت کار 25 نومبر کو مکمل ہو رہی ہے۔ موجودہ وقت میں ان 10 میں سے 8 نشستوں پر بی جے پی، ایک پر سماجوادی پارٹی اور ایک پر بہوجن سماج پارٹی کا قبضہ ہے۔
بی جے پی اراکین میں سابق ڈی جی پی برج لال، سیما دویدی، نیرج شیکھر، گیتا شاکیہ، ہردیپ سنگھ پوری، ارون سنگھ اور بی ایل ورما شامل ہیں۔ وہیں ڈاکٹر دنیش شرما کی مدت کار بھی 25 نومبر تک تھی، لیکن انڈمان اور نکوبار کا لیفٹیننٹ گورنر بنائے جانے کے بعد انہوں نے اس عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ اس لیے اس ایک نشست پر بھی انتخاب ہونا ہے۔ اس کے علاوہ سماجوادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری رام گوپال یادو اور بی ایس پی کے رام جی گوتم کی مدت کار بھی اسی وقت مکمل ہو رہی ہے۔
غور کرنے والی بات یہ ہے کہ اتر پردیش اسمبلی میں 403 نشستیں ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے اندر اسمبلی کے 6 اراکین کی موت ہو چکی ہے۔ اس لیے 397 اراکین مل کر راجیہ سبھا کی 10 نشستوں کے لیے ووٹ دیں گے۔ فارمولے کے مطابق اتر پردیش میں راجیہ سبھا کی ایک نشست کے لیے کم از کم 37 ووٹ درکار ہوتے ہیں، لیکن بی ایس پی کے اسمبلی رکن اوما شنکر کے انتقال کے بعد قانون ساز اسمبلی میں بی ایس پی کا کوئی رکن نہیں ہے۔ ایسے میں راجیہ سبھا میں واحد رکن کی مدت کار مکمل ہونے کے بعد بہوجن سماج پارٹی وہاں صفر ہو جائے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
