کرناٹک: راجیہ سبھا کی 4 اور قانون ساز کونسل کی 7 سیٹوں کے لیے انتخاب کا اعلان، 18 جون کو ووٹنگ
راجیہ سبھا انتخاب بی جے پی کے ارنّا کڈاڈی اور نارائن کورگپا، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا کی مدت کار 25 جون کو ختم ہونے کے سبب کرائے جا رہے ہیں۔
کرناٹک سے راجیہ سبھا کی 4 نشستوں اور قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) کی 7 نشستوں کے لیے انتخابی عمل پیر کے روز شروع ہو گیا۔ الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جبکہ ووٹنگ 18 جون کو ریاستی اسمبلی کے احاطے ’ودھان سودھا‘ میں کرائی جائے گی۔ ان انتخابات میں کرناٹک اسمبلی کے اراکین اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ راجیہ سبھا کے انتخابات بی جے پی کے ارنّا کڈاڈی اور نارائن کورگپا، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کی مدت کار 25 جون کو ختم ہونے کے باعث کرائے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب قانون ساز کونسل کی 7 نشستوں پر انتخابات متعلقہ اراکین کی مدت کار 30 جون کو ختم ہونے کی وجہ سے ہو رہے ہیں۔ ان میں کانگریس کے گووند راجو، نصیر احمد، ٹپنّاپّا اور بی کے ہری پرساد کے علاوہ بی جے پی کے این ناگ راج (ایم ٹی بی)، پرتاپ سمہا نائک اور سنیل والیاپور شامل ہیں۔
بہرحال، جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نامزدگی کا پرچہ داخل کرنے کی آخری تاریخ 8 جون ہے۔ نامزدگی فارموں کی جانچ 9 جون کو ہوگی، جبکہ امیدوار 11 جون تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ ووٹنگ اور ووٹوں کی گنتی دونوں 18 جون کو انجام پائیں گی۔ ریاستی اسمبلی میں موجودہ عددی قوت کو دیکھتے ہوئے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ برسراقتدار کانگریس راجیہ سبھا کی 4 میں سے 3 اور قانون ساز کونسل کی 7 میں سے 5 نشستیں جیت سکتی ہے۔ تاہم، سیاسی حلقوں کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ بی جے پی اور جے ڈی (ایس) اتحاد ان انتخابات میں مشترکہ امیدوار میدان میں اتارتا ہے یا نہیں۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
