ضمنی انتخاب: کرناٹک میں ووٹنگ اب 5 دسمبر کو، الیکشن کمیشن نے بدلا اپنا فیصلہ

خود مختار ادارے جس طرح اپنا ہی فیصلے بدل رہی ہیں، اس سے عام لوگوں میں ایک اندیشہ پیدا ہو رہا ہے۔ انتخابی کمیشن نے کرناٹک میں ضمنی انتخاب کی تاریخوں کا اعلان کیا اور پھر ایک ہی دن بعد فیصلہ بدل دیا۔

الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن
user

قومی آوازبیورو

کرناٹک کی سبھی 15 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخاب اب 5 دسمبر کو ہوگا اور ووٹوں کی گنتی 9 دسمبر کو ہوگی۔ یہ اعلان انتخابی کمیشن نے کیا ہے۔ حالانکہ جمعرات کو ہی انتخابی کمیشن نے کرناٹک اسمبلی انتخاب کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا تھا۔ کمیشن نے انتخاب ٹالنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں ان اراکین اسمبلی کی عرضی کے مدنظر کیا تھا، جنھیں نااہل قرار دیا گیا ہے۔ ان اراکین اسمبلی نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے اور اس معاملے میں آئندہ سماعت 22 اکتوبر کو ہونی ہے۔

سپریم کورٹ میں سماعت کی تاریخ آتے ہی انتخابی کمیشن نے پہلے سے مقرر کردہ انتخابی پروگرام کو رَد کرنے کا اعلان کیا تھا، لیکن اب کمیشن نے سبھی 15 سیٹوں کے لیے انتخابی پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اعلان کے مطابق ووٹنگ 5 دسمبر اور ووٹ شماری 9 دسمبر کو ہوگی۔


واضح رہے کہ 21 ستمبر کو انتخابی کمیشن نے مہاراشٹر اور ہریانہ اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا عالان کیا تھا۔ ان دونوں ریاستوں میں 21 اکتوبر کو ووٹنگ ہونی ہے اور ووٹوں کی گنتی 24 اکتوبر کو ہوگی۔ اس کے علاوہ کمیشن نے 63 دیگر اسمبلی سیٹوں پر انتخاب کا بھی اعلان کیا تھا۔ ان سیٹوں میں سب سے زیادہ 15 سیٹیں کرناٹک کی تھیں۔ اس کے علاوہ ایک لوک سبھا سیٹ کے ضمنی انتخاب کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔

کرناٹک میں جن 15 سیٹوں پر ضمنی انتخاب ہونا ہے، وہ ان باغی اراکین اسمبلی کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد خالی ہوئی ہیں، جنھوں نے سابقہ کماراسوامی حکومت کی حمایت واپس لیتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اسمبلی اسپیکر نے ان سبھی اراکین اسمبلی کو 5 سال کے لیے نااہل قرار دے دیا تھا۔ لیکن اب کمیشن نے سیٹوں کے ضمنی انتخاب کی نئی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */