الیکشن کمیشن نے راجیہ سبھا کی 24 سیٹوں پر انتخابات کی تاریخوں کا کیا اعلان، 18 جون کو ڈالا جائے گا ووٹ
جن ریاستوں میں راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے انتخابات ہونے ہیں، ان میں آندھرا پردیش، گجرات، مدھیہ پردیش، جھارکھنڈ، راجستھان، کرناٹک، منی پور، میگھالیہ، اروناچل پردیش اور میزورم شامل ہیں۔

10 ریاستوں کی 24 راجیہ سبھا سیٹوں پر انتخابات کرائے جانے ہیں، جس کے لیے الیکشن کمیشن نے جمعہ کے روز تاریخوں کا اعلان کر دیا۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے دی گئی جانکاری کے مطابق 24 راجیہ سبھا سیٹوں پر 18 جون کو انتخاب کرایا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کے اعلان کے بعد متعلقہ ریاستوں میں سیاسی ہلچل بھی بڑھ گئی ہے۔
جن ریاستوں میں راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے انتخابات ہونے ہیں، ان میں آندھرا پردیش، گجرات، مدھیہ پردیش، جھارکھنڈ، راجستھان، کرناٹک، منی پور، میگھالیہ، اروناچل پردیش اور میزورم شامل ہیں۔ آندھرا پردیش، گجرات اور کرناٹک میں سب سے زیادہ 4-4 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ راجیہ سبھا سے 21 جون سے 19 جولائی تک الگ الگ تاریخوں میں 10 ریاستوں کے موجودہ اراکین پارلیمنٹ سبکدوش ہو رہے ہیں۔ راجیہ سبھا انتخاب آندھرا پردیش، گجرات اور کرناٹک میں 4-4 سیٹوں، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں 3-3 سیٹوں، جھارکھنڈ میں 2 سیٹوں اور منی پور، میگھالیہ، اروناچل پردیش و میزورم میں ایک ایک سیٹ پر ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ راجیہ سبھا سے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، دگ وجئے سنگھ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑ جیسے اہم لیڈران سبکدوش ہوں گے۔ راجستھان سے راجندر گہلوت، نیرج ڈانگی اور روینت سنگھ کی سیٹیں بھی خالی ہونے جا رہی ہیں۔ انتخابی پروگرام کے مطابق یکم جون کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ امیدوار 8 جون تک پرچۂ نامزدگی داخل کر سکیں گے۔ 9 جون کو پرچۂ نامزدگی کی جانچ ہوگی، جبکہ 11 جون تک امیدوار اپنا نام واپس لے سکیں گے۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل سے متعلق کچھ خصوصی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ووٹنگ کے دوران صرف ریٹرننگ افسر کے ذریعہ دستیاب کرایا گیا بینگنی رنگ کا خصوصی اسکیچ پین ہی استعمال کیا جائے گا۔ کسی دیگر قلم کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔ غیر جانبدارانہ ووٹنگ یقینی بنانے کے لیے مبصرین کی بھی تقرری کی جائے گی۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
