عید میلاد النبیؐ: صدر، وزیر اعظم، راہل-پرینکا سمیت متعدد اہم شخصیات نے پیش کی مبارک باد

صدر جمہوریہ ہند نے کہا، پیغمبر محمدؐ نے آپسی پیار اور بھائی چارے کا پیغام دیکر دنیا کو انسانیت کی راہ دکھائی۔ وہ مساوات اور میل جول پر مبنی سماج کی تعمیر کرناچا ہتے تھے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے عیدمیلاد النبی کی ماقبل شام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ، ‘‘ میں پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم پیدائش پر منائے جانے والے عید میلاد یا میلاد النبی کے لئے تمام ہم وطنوں بالخصوص اپنے مسلم بھائیوں اور بہنوں کو پُرجوش مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’پیغمبر محمدؐ نے آپسی پیار اور بھائی چارے کا پیغام دیکر دنیا کو انسانیت کی راہ دکھائی۔ وہ مساوات اور میل جول پر مبنی سماج کی تعمیر کرناچا ہتے تھے۔ مقدس قرآن کریم میں مذکورہ پیغمبر محمدؐ کی تعلیمات کے مطابق آئیے ہم سب سماج کی خوشحالی اور ملک میں امن وسکون کے لئے کام کریں’’۔

عید میلاد النبیؐ کے موقع پر وزیر اعظم مودی نے پیش کی مبارک باد

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’میلاد النبی کے موقع پر پر نیک خواہشات۔ امید ہے کہ یہ دن ہر طرف ہمدردی اور بھائی چارے کو مزید فروغ دیگا۔ سب صحت مند اور خوش و خرم رہیں۔ عید مبارک۔‘‘


عید میلاد النبیؐ پر پرینکا گاندھی کی مبارک باد

پرینکا گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’آپ سبھی کو عید میلاد النبی کی دلی مبارک باد۔ آج کے دن سماج میں بھائی چارے، رحم دلی اور محبت کے پیغام کو اور مضبوط کریں۔‘‘

عید میلاد النبیؐ کی دل سے مبارک باد، راہل گاندھی

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے محسن انسیانیت حضرت محمد ﷺ کی یومِ ولادت پر مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’عید میلاد النبی کے موقع پر دعا ہے کہ ہر کسی کو رحم دلی اور بھائے چارے کا درس ملے۔ میری دلی مبارک باد۔‘‘


عید میلا د النبی کے موقع پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی نیک خواہشات

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پیغمبر حضرت محمد ﷺ کی یوم ولادت عید میلاد النبی کے موقع پر ریاست کے لوگوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔

نتیش اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پیغمبر حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات انسانی سماج کی فلاح، ترقی اور خوشنودی کے لئے تھیں۔ ان کا پیغام محبت، تحمل، امن اور عالمی اخوت تھا۔ انہوں نے ریاست کے باشندوں سے آپسی محبت، خیر سگالی اور رواداری کے ساتھ عید میلاد النبی کو منانے کی اپیل کی۔

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ حالیہ کورونا وبا کے مد نظر ہر ایک فرد کا محتاط رہنا انتہائی ضروری ہے۔ کورونا وائرس کے انفیکشن سے بچاؤ کاسب سے اچھا طریقہ سوشل ڈسٹنسنگ ہے۔ آپ سب لوگ گھر کے اندر ہی عبادت کریں۔ آپ کے تعاون سے ہی اس وبا سے نمٹنے میں کامیابی ملے گی-

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔