معاشی طوفان سر پر ہے اور ہمارے وزیر اعظم اٹلی میں ٹافی بانٹ رہے ہیں: راہل گاندھی
پی ایم مودی اس وقت اٹلی کے دورے پر ہیں اور انھوں نے اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی کو تحفے میں میلوڈی ٹافی پیش کیا ہے۔ راہل گاندھی نے اس کی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’یہ قیادت نہیں، نوٹنکی ہے۔‘‘

ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے اٹلی میں اپنے ہم منصب جارجیا میلونی سے ملاقات کے دوران انھیں ’میلوڈی‘ ٹافی بطور تحفہ پیش کیا۔ یہ معاملہ اب سرخیوں میں ہے۔ آن نیوز پورٹلس پر اس کی تصویریں اور ویڈیوز ڈالی گئی ہیں، ساتھ ہی سوشل میڈیا پر بھی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں۔ لیکن لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے اس معاملہ پر اپنی حیرانی ظاہر کی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’معاشی طوفان سر پر ہے، اور ہمارے وزیر اعظم اٹلی میں ٹافی بانٹ رہے ہیں۔‘‘
یہ تبصرہ کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے لکھا ہے کہ ’’کسان، نوجوان، خواتین، مزدور اور چھوٹے تاجر سب رو رہے ہیں۔ وزیر اعظم ہنس کر ’ریل‘ بنا رہے ہیں، اور بی جے پی والے تالی بجا رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی وہ لکھتے ہیں کہ ’’یہ قیادت نہیں، نوٹنکی ہے۔‘‘
دراصل اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے ہندوستانی وزیر اعظم مودی کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں وہ میلونی کو میلوڈی ٹافی تحفہ میں پیش کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس ویڈیو میں وہ کہہ رہی ہیں ’’وزیر اعظم مودی نے مجھے بہت اچھا تحفہ دیا ہے، جو کہ بہت ہی اچھی ٹافی ہے۔‘‘ اس کے بعد پی ایم مودی اور وہ دونوں ہی کہتے ہیں ’’میلوڈی۔‘‘ پھر دونوں لیڈران کھل کر ہنستے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم مودی نے جارجیا میلونی سے ظہرانہ کے دوران ملاقات کی تھی، جس کے بعد دونوں لیڈران ایک ہی گاڑی میں بیٹھ کر کولیسیم کا دورہ کرنے پہنچے۔ یہ پی ایم مودی کی ’کار ڈپلومیسی‘ کہلاتی ہے، جس میں وہ دوسرے لیڈران کے ساتھ ایک ہی گاڑی میں بیٹھ کر جاتے ہیں۔ اس سے دنیا میں 2 ممالک کے درمیان دوستی کا پیغام بھی پہنچتا ہے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
