ہماچل پردیش کے شملہ اور چمبا میں علی الصبح زلزلہ سے لوگوں میں دہشت، اروناچل میں بھی ڈولی زمین

شملہ میں صبح 5.46 بجے زلزلہ آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.0 درج کی گئی۔ این سی ایس کے مطابق شملہ میں آئے اس زلزلہ کی گہرائی زمین سے 10 کلو میٹر نیچے تھی۔

<div class="paragraphs"><p>زلزلہ / علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>
i

ہماچل پردیش کے شملہ اور چمبا میں بدھ کی علی الصبح زلزلہ کے جھٹکوں نے لوگوں میں دہشت کا ماحول پیدا کر دیا۔ چمبا میں تو زلزلہ کے جھٹکے زیادہ زوردار نہیں تھے، لیکن شملہ میں تیز جھٹکوں کے سبب کئی لوگ گھبرا کر گھروں سے باہر نکل گئے۔ زلزلہ ایسے وقت میں آیا جب سبھی سو رہے تھے۔ جب لوگوں کو اپنا بستر ہلتا ہوا محسوس ہوا تو نیند کھل گئی اور وہ خوف میں مبتلا گھروں سے باہر کی طرف بھاگے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سب سے پہلا جھٹکا چمبا میں صبح 4.38 بجے آیا، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 2.5 درج کی گئی۔ اس کے بعد شملہ میں صبح 5.46 بجے زلزلہ آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.0 درج کی گئی۔ این سی ایس (نیشنل زلزلہ سائنس سنٹر) کے مطابق شملہ میں آئے اس زلزلہ کی گہرائی زمین سے 10 کلو میٹر نیچے تھی، جو کہ 31.387 ڈگری شمالی عرض البلد اور 77.787 ڈگری مشرقی طول البلد پر درج کیا گیا۔


چمبا میں آئے زلزلہ سے متعلق بتایا جا رہا ہے کہ اس کا مرکز دھرمشالہ سے تقریباً 63 کلومیٹر شمال-شمال مغرب میں زمین سے 10 کلومیٹر نیچے تھا۔ زلزلہ کے جھٹکوں سے لوگ اب بھی ڈرے ہوئے ہیں، کیونکہ انھوں نے تیز جھٹکے محسوس کیے تھے۔ زلزلہ کی شدت ریکٹر اسکیل پر زیادہ نہیں تھی، لیکن اس کا مرکز زمین سے محض 10 کلومیٹر نیچے تھا، اس لیے تیز جھٹکوں کا احساس ہوا۔ فی الحال شملہ یا چمبا کسی بھی علاقے سے کسی جانی و مالی نقصان کی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔

دوسری طرف اروناچل پردیش میں بھی لوگوں نے زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ اروناچل کے ویسٹ کامینگ ضلع میں آج علی الصبح 5.28 بجے زلزلہ کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 2.5 درج کی گئی ہے، جسے نقصاندہ تصور نہیں کیا جاتا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔