کشمیر میں موسم خوشگوار ہونے سے مشہور تفریح گاہ ’بادام واری‘ میں سیاحوں کی بھیڑ

خوشگوار موسم کے بیچ وادی کے مغل باغات بالخصوص سری نگر میں مشہور زمانہ جھیل ڈل کے کناروں پر واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ میں مقامی و غیر مقامی سیاحوں کی بھیڑ میں روز افزوں اضافہ درج ہو رہا ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں موسم بتدریج خوشگوار ہونے کے بیچ محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر ہلکے درجے کی بارشیں ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں 27 سے 30 مارچ تک موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور کہیں کہیں بارشیں بھی ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 30 مارچ کے بعد 2 اپریل تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔

دریں اثنا وادی میں ہفتے کے روز موسم مجموعی طور پر خشک و خوشگوار رہا تاہم مطلع پر چھائے بادلوں کے اوٹ نے آفتاب کو چھپانے کی کئی کامیاب کوششیں کیں۔ خوشگوار موسم کے بیچ وادی کے مغل باغات بالخصوص سری نگر میں مشہور زمانہ جھیل ڈل کے کناروں پر واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ میں مقامی و غیر مقامی سیاحوں کی بھیڑ میں روز افزوں اضافہ درج ہو رہا ہے۔


بتادیں کہ باغ گل لالہ کو 25 مارچ کو عوام کے لئے کھول دیا گیا۔ باغ میں لگے 65 اقسام کے زائد از 15 لاکھ ٹولپ بلب بتدریج نکھر اور کھل کر سیاحوں کو محظوظ کر رہے ہیں اور ان میں بار بار ان دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہونے کی تڑپ پیدا کرتے ہیں۔ سری نگر کے رعناواری علاقے میں واقع وادی کی مشہور تفریح گاہ ’بادام واری‘ میں بھی سیاحوں کا رش روز بہ روز بڑھ رہا ہے۔

وادی میں موسم میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی شبانہ درجہ حرارت میں بھی بتدریج اضافہ درج ہونے لگا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔


قابل ذکر ہے کہ سری نگر میں جہاں ماہ جنوری میں سردیوں کا پچیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جب 31 جنوری کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا، وہیں ماہ فروری میں گرمیوں کا 57 سالہ ریکارڈ پاش پاش ہوگیا جب فروری کی ایک شب کم سے کم درجہ حرارت 8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 1.3 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔


سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 1.4 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا۔ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 6.7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔