ممبئی: گنیش آگمن کی تقریبات کے دوران مورتی گرنے سے دو افراد ہلاک

ممبئی کے بھولیشور میں گنیش آگمن کی تقریبات کے دوران ایک بھاری مورتی گر گئی۔ دو افراد جاں بحق اور دو لڑکیوں سمیت پانچ زخمی ہو گئے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i

ممبئی کے بھولیشور علاقے میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ ہفتہ کی رات گنیش آگمن کی تقریبات کے دوران "بھولیشور چا راجہ" کی مورتی گر گئی۔ دو افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں 5 اور 7 سال کی دو بچیاں بھی شامل ہیں۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ بھولیشور کے بلرام مرچینٹ روڈ پر کبوترخانہ کے قریب جئے امبے چوک پر رات 10 بجے کے قریب پیش آیا۔ "بھولیشور چا راجہ" کی مورتی یہاں آگمن کی تقریبات کے لیے لائی جا رہی تھی۔ مورتی گر گئی جس میں دو لوگوں کے مارے جانے کی خبر ہےاور متعدد لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے ۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ممبئی فائر بریگیڈ، پولیس، ٹریفک پولیس، ایمبولینس سروس اور میونسپل کارپوریشن کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں لے جایا گیا۔


میونسپل حکام کے مطابق اس حادثے میں سنکیت نیوشے (33) اور برجیش ہیمنت جوشی (30) کی موت ہوگئی۔ دونوں کو اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ زخمیوں میں ویبھو گینند (38)، پون چورسیا (25)، لاونیا گانر (5)، دیویا گانر (7) اور کنال (26) شامل ہیں۔ سبھی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ حکام نے بتایا کہ زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔

ممبئی سمیت پورے مہاراشٹر میں گنیش اتسو بڑے پیمانے پر منایا جاتا ہے۔ اس دس روزہ تہوار کے دوران گھروں اور عوامی پنڈلوں میں گنیش کی مورتیاں نصب کی جاتی ہیں۔ ممبئی میں، مورتیوں کو پنڈال تک لانے کے لیے آگمن کے جلوس بھی نکالے جاتے ہیں، جس میں بڑی تعداد میں لوگ شرکت کرتے ہیں۔ بھولیشور میں ہفتہ کی رات پیش آنے والا حادثہ اسی طرح کی آگمن کی تقریب کے دوران پیش آیا۔