اداکار دلیپ تاہل گرفتار، نشہ کی حالت میں آٹو کو ٹکر مارنے کا الزام

پولس کے مطابق، شہر کے مضافاتی علاقہ کھار میں دلیپ تاہل نے نشے میں کار چلاتے ہوئے ایک آٹو رکشہ کو ٹکر ماردی جس میں دومسافر زخمی ہو گئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: بازیگر، راجا، عشق اور سولجر جیسی ہٹ فلموں میں کام کرنے والے اداکار دلیپ تاہل کو پولس نے گرفتار کر لیا ہے۔ خبر ہے کہ دلیپ تاہل پیر کے شب شراب کے نشہ میں گاڑی چلا رہے تھے۔ نشہ کی حالت میں انہوں نے ایک آٹو رکشہ کو ٹکر مار دی۔ ٹکر کی وجہ سے آٹو رکشہ سوار ایک نوجوان اور خاتون زخمی ہو گئے۔ دلیپ فیل الحال ضمانت میں رہا ہو چکے ہیں۔

پولس کے مطابق، شہر کے مضافاتی علاقہ کھار میں پیر کی شب 9 بجے انہوں نے نشے میں کار چلاتے ہوئے ایک آٹو رکشہ کو ٹکر ماردی جس میں دومسافر جینتا گاندھی اور گوروچگ سوار تھے اور دونوں زخمی ہوگئے جبکہ دلیپ تاہل وہاں ٹھہرے بغیر سانتاکروز کی سمت میں فرار ہوگئے۔ گنیش اتسو کے مدنظر مورتیاں وسرجن کے لیے کافی بھیڑ تھی، اس لیے دونوں شکایت کنندگان نے دلیپ تاہل کو کچھ فاصلہ پر جا دبوچا۔

پولس نے کہا کہ دونوں نے ٹریفک میں پھنسی کار کے ڈرائیور کو نیچے اترنے کے لیے کہا، تب انہیں پتہ چلا کہ وہ اداکار دلیپ تاہل خود ہیں۔ اپنی غلطی تسلیم کرنے کے بجائے اداکار نے ان سے تکرار شروع کردی اور اس درمیان دونوں نے پولس کو کال کردیا اور کھار پولس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر اداکار کو گرفتار کرلیا۔

پولس نے حادثہ میں شامل تینوں افراد کا میڈیکل کرایا، جس کے بعد دلیپ تاہل کو ڈرنک اینڈ ڈرائیو (شراب پیکر ڈرائیونگ کرنا) اور لاپروائی سے گاڑی چلانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا۔ ممبئی کے کھار پولس اسٹیشن کے ایک انسپکٹر نے میڈیا کو بتایا کہ تاہل نے بلڈ ٹیسٹ کے لئے نمونہ دینے سے انکار کر دیا تھا۔ فی الحال انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔