’بے رحم نہ بنیں، بچوں تک کھانا پہنچنے دیں‘، جنتر منتر احتجاج پر کپل سبل کی مرکزی حکومت سے اپیل

کپل سبل نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’حکومت سے میری اپیل ہے کہ اس قدر بے رحم مت بنیے۔ ہمارے بچوں تک بلا روک ٹوک کھانا پہنچنے دیجیے۔ ہوٹلوں اور کھانے پینے کی دکانوں کو کھانا فراہم کرنے سے نہ روکیے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>کپل سبل / آئی اے این ایس</p></div>
i

پیپر لیک اور امتحانی نظام میں بے ضابطگیوں کے خلاف جنتر منتر پر جاری طلبہ احتجاج کے درمیان راجیہ سبھا رکن اور سینئر وکیل کپل سبل نے مرکزی حکومت سے انسانی ہمدردی پر مبنی رویہ اپنانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اپنے مطالبات کو لے کر پرامن احتجاج کرنے والے طلبہ اور نوجوانوں کے ساتھ سخت برتاؤ نہیں ہونا چاہیے۔ سبل نے حکومت سے گزارش کی کہ مظاہرین تک بغیر کسی رکاوٹ کے کھانا پہنچنے دیا جائے اور ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے، جو تحریک کو مزید بھڑکانے کا سبب بنیں۔

راجیہ سبھا رکن کپل سبل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کر حکومت سے جذباتی اپیل کی۔ انہوں نے لکھا کہ ’’حکومت سے میری اپیل ہے کہ اس قدر بے رحم مت بنیے۔ ہمارے بچوں تک بلا روک ٹوک کھانا پہنچنے دیجیے۔‘‘ اپنی پوسٹ میں کپل سبل مزید لکھتے ہیں کہ ’’ہوٹلوں اور کھانے پینے کی دکانوں کو کھانا فراہم کرنے سے نہ روکیے۔ انٹرنیٹ بند نہ کیجیے۔ احتجاجی مقام پر آنے والوں کو ہراساں نہ کیجیے۔ ایسے اقدامات سے احتجاج کو مزید نہ بھڑکائیے۔‘‘ پوسٹ کے آخر میں سینئر وکیل کپل سبل نے لکھا کہ ’’یاد رکھیے، ہر اقتدار عارضی ہوتا ہے!‘‘


سینئر وکیل کپل سبل سے قبل لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے بھی مظاہرین طلبہ کے حق میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کی ہے۔ انہوں نے حکومت کے سخت رویے کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’میٹرو بند کرو۔ راستے بند کرو۔ انٹرنیٹ بند کرو۔ کھانا بند کرو۔ اپنا حق مانگ رہے طلبہ کے خلاف حکومت نے یہ ظالمانہ اقدامات اٹھائے۔‘‘ اپنی پوسٹ کے آخر میں راہل گاندھی نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’’بس ایک چیز بند نہیں کر پائے مودی جی، پیپر لیک۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔