’کیا وزیر اعظم سرما کے بیان سے متفق ہیں؟‘ کھڑگے کے متعلق غیر مہذب الفاظ استعمال کرنے پر پرینکا گاندھی کا سوال
پرینکا گاندھی نے لکھا کہ ’’آسام کے وزیر اعلیٰ نے راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے قائد ملکارجن کھڑگے کے خلاف انتہائی غیر مہذب اور توہین آمیز زبان استعمال کی ہے، جو انتہائی شرمناک اور ناقابل قبول ہے۔‘‘

کانگریس کی جنرل سکریٹری اور کیرلم کے وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے توہین آمیز بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال کیا ہے کہ کیا وہ ہیمنت بسوا سرما کے اس بیان سے متفق ہیں جس میں انہوں نے کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے کی توہین کی ہے۔ واضح رہے کہ آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے منگل کو نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے لیے ’پاگل‘ لفظ کا استعمال کیا تھا۔
کانگریس رہنما پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس حوالے سے ایک پوسٹ کی۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’’آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے کے خلاف انتہائی غیر مہذب اور توہین آمیز زبان استعمال کی ہے، جو انتہائی شرمناک اور ناقابل قبول ہے۔‘‘
پرینکا گاندھی نے مزید لکھا کہ ’’ملکارجن کھڑگے ملک کے سینئر ترین رہنماؤں میں سے ایک ہیں۔ وہ نہ صرف کانگریس پارٹی کی نمائندگی کرتے ہیں بلکہ دلتوں اور پسماندہ طبقات کی ایک باشعور آواز بھی ہیں۔ ان کی توہین کر کے بی جے پی کے وزیر اعلیٰ نے ملک بھر کے کروڑوں لوگوں کی توہین کی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے ملک کے وزیر اعظم سے سوال پوچھتے ہوئے لکھا کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی کو قوم کے سامنے یہ واضح کرنا چاہیے کہ کیا وہ کروڑوں ہندوستانیوں کی اس توہین سے اتفاق رکھتے ہیں؟‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔