کورونا کے خلاف جنگ لڑ رہے ڈاکٹروں کو 3 مہینے سے نہیں ملی تنخواہ، پی ایم مودی کو لکھا خط

دہلی میونسپل کارپوریشن کے اسپتالوں کے ڈاکٹروں نے پی ایم مودی کو خط لکھ کر کہا ہے کہ شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کے اسپتالوں کے ڈاکٹروں کو گزشتہ تین مہینے کی تنخواہ نہیں ملی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ملک بھر میں کورونا کا قہر جاری ہے۔ کورونا وائرس سے انفیکشن کی تعداد لگاتار بڑھ رہی ہے اور یہ تعداد 71 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ اس درمیان دہلی میں کورونا کے خلاف سیدھی جنگ لڑنے والے ڈاکٹروں نے اپنی دقتوں کو لے کر پی ایم مودی کے سامنے آواز اٹھائی ہے۔ انھوں نے تین مہینے سے تنخواہ نہیں ملنے پر پی ایم مودی کو خط لکھا ہے۔ شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کے اسپتالوں کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ تین مہینے سے تنخواہ نہیں ملنے کی وجہ سے وہ تناؤ میں کام کر رہے ہیں۔

میونسپل کارپوریشن ڈاکٹرس ایسو سی ایشن کے سربراہ ڈاکٹر آر آر گوتم نے اس تعلق سے کہا کہ "ہمیں گزشتہ تین مہینے سے تنخواہ نہیں دی گئی ہے اور ڈاکٹر کے طور پر ہم مریضوں کی خدمت کرنے کی اپنی ذمہ داری جانتے ہیں۔ ہم زیادہ کچھ نہیں بلکہ صرف اپنی تنخواہ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔"


غور طلب ہے کہ کورونا وائرس انفیکشن سے متاثر لوگوں کی تعداد ہندوستان میں 70 ہزار کے پار پہنچ چکی ہے۔ ملک کی راجدھانی دہلی میں اس وائرس سے متاثر لوگوں کی تعداد پیر کو 7233 پہنچ گئی ہے جب کہ 73 لوگوں کی اس بھیانک بیماری کی وجہ سے موت ہو چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔