شہنشاہِ جذبات دلیپ کمار نمونیا میں مبتلا، اسپتال میں داخل

دلیپ کمار کے قریبی دوست فیصل فاروقی نے ان کی خرابیٔ صحت کی جانکاری ٹوئٹر پر دی اور کہا کہ نمونیا کی وجہ سے انھیں داخل اسپتال کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے ان کی بہتر صحت کے لیے دعا کی اپیل بھی کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

گزرے زمانے کے بے مثال اداکار دلیپ کمار کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انھیں نمونیا کی شکایت کے بعد داخل اسپتال کیا گیا جہاں فوری طور پر علاج شروع کر دیا گیا۔ مغل اعظم، شکتی، رام اور شیام، دیوداس اور سوداگر جیسی مقبول زمانہ فلموں میں نظر آ چکے دلیپ کمار کے قریبی فیصل فاروقی نے ٹوئٹر کے ذریعہ ان کی خرابی صحت کی جانکاری دی۔ گزشتہ کچھ وقت سے دلیپ کمار کو خراب صحت کی وجہ سے کئی بار اسپتال میں داخل کرانا پڑا ہے اور بالی ووڈ طبقہ ان کی بہتر صحت کے لیے دست بہ دعا نظر آیا ہے۔

فیصل فاروقی نے 8 ستمبر کو ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’آپ کو مطلع کرنا چاہتے ہیں کہ دلیپ کمار کو کل رات اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انھیں پھر سے نمونیا ہو گیا ہے جس کا علاج کیا جا رہا ہے۔ ان کے لیے دعا کیجیے۔ ان کی صحت کی خبر آپ کو ٹوئٹر پر دیتے رہیں گے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ دلیپ کمار کی پیدائش 11 دسمبر 1922 کو ہوئی تھی اور اداکاری کی شروعات انھوں نے 1944 میں فلم ’جوار بھاٹا‘ سے کی تھی۔ تقریباً چھ دہائی کے اپنے کیریر میں دلیپ کمار نے 65 فلمیں کی ہیں۔ شہنشاہِ جذبات کے نام سے مقبول دلیپ کمار نے 1966 میں سائرہ بانو سے شادی کی تھی۔ دلیپ کمار دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سمیت پدم وبھوشن اور پدم بھوشن دونوں سے ہی نوازے جا چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Oct 2018, 4:08 PM