کیا آپ کو معلوم ہے، بریڈ کی قیمت میں 5 روپے اضافہ ہو چکا ہے؟
ممبئی میں بریڈ کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔ یہ قیمت 16 مئی سے ہی بڑھا دی گئی ہے۔ ممبئی میں، جہاں بیشتر لوگ دن کی ابتدا بریڈ، پاؤ اور سینڈوِچ سے کرتے ہیں، لوگوں کا ناشتہ مہنگا ہو گیا ہے۔

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی نے پوری دنیا کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ ہندوستان میں بھی مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے اور پٹرول-ڈیزل کے ساتھ ساتھ رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ نے عوام کو بے حال کر دیا ہے۔ اس درمیان خاموشی سے بریڈ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا، جس کے بغیر ممبئی والوں کی زندگی ادھوری تصور کی جاتی ہے۔ دراصل ممبئی میں بیشتر لوگ دن کی ابتدا بریڈ، پاؤ اور سینڈوِچ سے کرتے ہیں۔
سامنے آ رہی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ بریڈ اور اس سے تیار مصنوعات کی قیمت میں شدید اضافہ کیا گیا ہے۔ ممبئی میں ہر طرح کی بریڈ اب 5 روپے مہنگی ہو گئی ہے۔ بڑھی ہوئی یہ قیمت 16 مئی سے نافذ بھی ہو چکی ہے۔ ظاہر ہے، قیمت میں اس اضافہ سے ممبئی کے لوگوں کے لیے صبح کا ناشتہ مہنگا ہو گیا ہے۔
بریڈ کی قیمتوں میں اچانک ہوئے اس بڑے اضافہ کے کئی اسباب بتائے جا رہے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق اضافہ کی بڑی وجہ بریڈ کی پیکیجنگ میں استعمال ہونے والے پلاسٹک کے خام مال ’پلاسٹک پاؤڈر‘ کی بڑھتی قیمت ہے۔ ہندوستان میں اس پلاسٹک پاؤڈر کی بڑے پیمانہ پر درآمدگی کی جاتی ہے۔ فی الحال بین الاقوامی بازار میں ہندوستانی روپے کی قدر گھٹتی جا رہی ہے، جس سے خام مال بہت مہنگا ہو گیا ہے۔ ساتھ ہی گزشتہ کچھ دنوں میں پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب ٹرانسپورٹیشن کا خرچ بھی بہت بڑھ گیا ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق ممبئی میں 400 گرام سینڈوِچ کی قیمت اب 40 روپے سے بڑھ کر 45 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح گیہوں کا بریڈ جو پہلے 55 روپے میں فروخت ہوتا تھا، وہ اب 60 روپے میں مل رہا ہے۔ ملٹی گرین بریڈ کی قیمت بھی 60 روپے سے بڑھا کر 65 روپے کر دی گئی ہے۔ چھوٹے براؤن بریڈ کی قیمت میں 2 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ یہ پہلے 28 روپے میں ملتی تھی اور اب 30 روپے میں ملا کرے گا، جبکہ 20 روپے والا سفید بریڈ اب 22 روپے میں ملے گا۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
