کیا این ٹی اے کی ایکسپرٹ منیشا مندھارے نے کرایا نیٹ کا پیپر لیک؟ سی بی آئی نے کیا گرفتار

سی بی آئی کی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ مندھارے اپنے پونے واقع گھر پر طلبا کے لیے خصوصی کوچنگ کلاسیں چلاتی تھی۔ ان کلاسز میں اس نے بوٹنی اور زولوجی کے کئی ممکنہ سوال طلبا کو بتائے۔

گرفتار، علامتی تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

’نیٹ-یو جی 2026‘ پیپر لیک معاملے میں سی بی آئی نے بوٹنی کی سینئر ٹیچر اور مبینہ ماسٹر مائنڈ منیشا مندھارے کو گرفتار کر لیا ہے۔ جانچ میں کچھ حیران کر دینے والے انکشافات ہوئے ہیں، جس کے بعد یہ گرفتاری عمل میں آئی۔ سی بی آئی کے مطابق منیشا مندھارے کو این ٹی اے نے ’نیٹ-یو جی 2026‘ امتحانی عمل میں ایکسپرٹ کے طور پر مقرر کیا تھا۔ اسی وجہ سے اسے بوٹنی اور زولوجی کے سوالناموں تک مکمل رسائی حاصل تھی۔ جانچ میں سامنے آیا ہے کہ اپریل 2026 کے دوران اس نے پونے کی منیشا واگھمارے کے ذریعے کئی نیٹ امیدواروں کو جوڑا تھا۔ پولیس منیشا واگھمارے کو پہلے ہی 14 مئی کو گرفتار کر چکی ہے۔

سی بی آئی کی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ مندھارے اپنے پونے واقع گھر پر طلبا کے لیے خصوصی کوچنگ کلاسیں چلاتی تھی۔ ان کلاسز میں اس نے بوٹنی اور زولوجی کے کئی ممکنہ سوال طلبا کو بتائے، انہیں نوٹ بک میں لکھوایا اور کتابوں میں نشان بھی لگوائے۔ جانچ میں پایا گیا کہ ان سوالوں میں سے بیشتر سوال 3 مئی 2026 کو منعقد ہونے والے اصل نیٹ-یو جی امتحان کے پرچے سے مطابقت رکھتے تھے۔ سی بی آئی نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 6 مقامات پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ اس دوران کئی اہم دستاویزات، لیپ ٹاپ، بینک اسٹیٹمنٹ اور موبائل فون ضبط کیے گئے ہیں۔ اب ان تمام الیکٹرانک اور دستاویزی ثبوتوں کی گہرائی سے جانچ کی جا رہی ہے۔


قابلِ ذکر ہے کہ یہ معاملہ وزارت تعلیم کے محکمۂ اعلیٰ تعلیم کی شکایت کے بعد 12 مئی 2026 کو سی بی آئی نے درج کیا تھا۔ مقدمہ درج ہوتے ہی کئی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور ملک بھر میں چھاپہ ماری شروع کر دی گئی۔ سی بی آئی نے بتایا کہ اب تک اس معاملے میں دہلی، جے پور، گروگرام، ناسک، پونے اور اہلیا نگر سے مجموعی طور پر 9 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ان میں سے 5 ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے 7 دن کی پولیس ریمانڈ پر لیا گیا ہے۔ وہیں، جمعہ کو گرفتار کیے گئے 2 ملزمان کو پونے کی عدالت میں پیش کرنے کے بعد ٹرانزٹ ریمانڈ پر دہلی لایا گیا ہے۔

جانچ ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ اب تک کی تفتیش میں کیمسٹری اور بایولوجی پیپر لیک کے اصل ذریعہ کا پتہ چل چکا ہے۔ ساتھ ہی ان دلالوں کی بھی شناخت ہو گئی ہے، جنہوں نے لاکھوں روپے لے کر طلبا کو اُن خصوصی کلاسوں تک پہنچایا، جہاں امتحان میں آنے والے سوالات پہلے سے بتائے جا رہے تھے۔ سی بی آئی کا کہنا ہے کہ معاملے کی جانچ کے سلسلے میں چھاپہ ماری جاری ہے۔ اس معاملے میں کئی افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ جانچ مکمل غیر جانب دارانہ اور پیشہ ورانہ انداز میں کی جا رہی ہے اور یہ عمل جاری رہے گا۔


اس معاملے میں کیمسٹری کے لیکچرر پی وی کلکرنی اور بوٹنی کی ٹیچر منیشا گروناتھ، دونوں کو این ٹی اے نے نیٹ-یو جی 2026 امتحانی عمل میں ایکسپرٹ کے طور پر مقرر کیا تھا۔ دونوں نے ہی پیپر لیک کرنے کے لیے پونے کی رہنے والی منیشا واگھمارے نامی خاتون کا سہارا لیا تھا۔ منیشا واگھمارے نے ہی نیٹ کی تیاری کرنے والے خوش حال خاندانوں کے طلبا کو جمع کیا تھا۔ اس کے بعد ایک خصوصی کلاس پی وی کلکرنی کے لیے اور ایک خصوصی کلاس منیشا رگھوناتھ کے لیے چلائی گئی۔ انہی خصوصی کلاسوں میں پیپر لیک کیا گیا۔ منیشا واگھمارے اب اس پیپر لیک معاملے میں ایک اہم کڑی بن چکی ہے۔ منیشا کا اکاؤنٹ بھی منجمد کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس کیس میں ایک اور بڑی گرفتاری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔