سرحد پر کشیدگی کم کرنے پر ہندوستان اور پاکستان کے ڈی جی ایم او متفق

آپریشن سندورکے تحت ہندوستانی  فوج کی کارروائی سے خوفزدہ ہو کر پاکستان نے 10 مئی 2025 کو ہندوستان کو جنگ بندی کی تجویز دی  تھی جسے ہندوستان  نے اپنی شرائط پر قبول کر لیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ آئی اے این ایس</p></div>

تصویر بشکریہ آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

ہندوستانی فوج نے جمعرات  یعنی15 مئی کو کہا کہ سرحد پر کشیدگی کو کم کرنے کے لیے دونوں ڈی جی ایم اوز کے درمیان بات چیت ہوئی اور ایک معاہدہ طے پایا۔ فوج نے کہا کہ اس حوالے سے دونوں طرف سے کوششیں جاری رہیں گی۔ ادھر پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جنگ بندی میں 18 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔

غور طلب ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) کے درمیان 10 مئی 2025 کو ہونے والی بات چیت کے بعد دونوں فریقوں نے کشیدگی کو کم کرنے اور سرحد پر چوکسی کم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔


ہندوستان اور پاکستان کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان آخری بات چیت 12 مئی کو ہوئی تھی، جس میں تمام فوجی کارروائیوں کو روکنے کے لیے جنگ بندی کے قیام کا معاہدہ طے پایا تھا۔ پاکستان نے کہا کہ وہ سرحد پار سے ایک بھی گولی نہیں چلائے گا۔ مذاکرات میں کہا گیا کہ فریقین ایک گولی بھی نہ چلائیں اور ایک دوسرے کے خلاف کوئی جارحانہ اور دشمنانہ کارروائیاں شروع نہ کی جائیں۔

فوج کے مطابق، اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں اطراف، ہندوستان اور پاکستان، سرحدوں اور آگے کے علاقوں سے فوجیوں کی تعداد میں کمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات پر غور کریں۔ دونوں طرف سے فائرنگ اور ہوائی حملے بند ہونے کے بعد ہونے والی یہ بات چیت بہت اہم تھی۔


آپریشن سندور میں ہندوستان  کی کامیاب جوابی کارروائی سے پاکستان کے حوصلے ٹوٹ گئے۔ اس جنگ میں بری طرح پیچھے ہونے کے بعد پاکستان نے 10 مئی 2025 کو ہندوستان کو جنگ بندی کی تجویز دی جسے ہندوستان نے اپنی شرائط پر قبول کر لیا۔ پاکستان کے ساتھ اس فوجی سطح کے مذاکرات میں ہندوستان کے ڈی جی ایم او لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی نے شرکت کی۔ پاکستان کی نمائندگی اس کے ڈی جی ایم او میجر جنرل کاشف عبداللہ نے کی۔

22 اپریل کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں 26 معصوم سیاحوں کو پاکستان کے حمایت یافتہ دہشت گردوں نے ہلاک کر دیا۔ اس دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستانی فوج نے آپریشن سندورکے تحت پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (پی او کے) میں دہشت گردوں کے کیمپوں کو نشانہ بنایا جس میں سو سے زائد دہشت گرد مارے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔