ڈیرا سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم کو پھر ملی 50 دن کی پیرول، جلد ہوگا جیل سے باہر

ہریانہ حکومت نے ایک بار پھر ڈیرا سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم کو 50 دن کے لیے پیرول دیا ہے۔ بار بار پیرول ملنے کے خلاف پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی گئی ہے

گرمیت رام رحیم، تصویر آئی اے این ایس
گرمیت رام رحیم، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

چنڈی گڑھ: ڈیرا سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم کو ایک بار پھر پیرول مل گئی ہے۔ ہریانہ حکومت نے اس بار رام رحیم کی 50 دن کی پیرول منظور کی ہے اور وہ آج یا کل جیل سے باہر آ سکتا ہے۔ گرمیت رام رحیم اس وقت روہتک کی سناریا جیل میں قید ہے اور 20 سال سزا کاٹ کاٹ رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق رام رحیم کی پیرول آٹھویں بار منظور کی گئی ہے۔ اس سے قبل وہ نومبر میں جیل سے باہر آیا تھا۔ شرومنی گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی (ایس جی پی سی) نے پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ میں گرمیت رام رحیم کو بار بار پیرول دیے جانے کو لے کر عرضی دائر کی تھی۔


فروری 2023 میں دائر ایس جی پی سی کی درخواست کے مطابق، اسی مہینے میں رام رحیم کی پیرول کے لیے منظور کیے گئے ڈویژنل کمشنر کے حکم کا جائزہ لینے سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اسے ایک ایسے معاملے میں عارضی رہائی دی گئی، جس میں اسے سزا سنائی جا چکی ہے، جس کے بارے میں کوئی حوالہ نہیں دیا گیا۔ رام رحیم کو قتل کے دو الگ الگ مقدمات میں مجرم قرار دیا گیا تھا، جس کے لیے اسے 17 جنوری 2019 اور 18 اکتوبر 2021 کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

خیال رہے کہ رام رحیم سرسہ میں اپنے آشرم کے اندر دو خواتین پیروکاروں کی آبروریزی کے جرم میں 20 سال قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔ رام رحیم کو پنچکولہ کی خصوصی سی بی آئی کی عدالت نے اگست 2017 میں قصوروار ٹھہرایا تھا۔ اس کے علاوہ عدالت نے ڈیرا کے سابق منیجر رنجیت سنگھ کے قتل کے معاملے میں بھی گرمیت رام رحیم کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔


دراصل، سزا پوری کرنے سے پہلے مجرم کو کچھ دنوں کے لیے پیرول پر جیل سے رہا کیا جاتا ہے، جس کے لیے حسن سلوک بھی شرط ہے۔ اس کے لیے قیدی کو جیل سے باہر آنے کے لیے ضروری وجوہات بتانی پڑتی ہیں اور متعلقہ ریاست کی حکومت اسے پیرول دینے کا حتمی فیصلہ کرتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔