حد بندی کے ذریعے ووٹوں کی چوری کی کوشش، بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کے لیے بنائے جائیں گے حلقے: ادھو ٹھاکرے
ادھو ٹھاکرے نے حد بندی بل کو ووٹوں کی چوری کی کوشش قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ حلقوں کی نئی تشکیل سے بی جے پی کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے ایم کے اسٹالن سے موقف پر نظرثانی کی اپیل کی

شیوسینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے اتوار کو الزام لگایا کہ حد بندی بل ووٹوں کی چوری کی کوشش ہے اور اب انتخابی حلقوں کی تشکیل اس طرح کی جائے گی کہ صرف بی جے پی کو فائدہ پہنچے۔
ممبئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹھاکرے نے چیف الیکشن کمشنر کو حد بندی کمیشن کا رکن بنائے جانے پر اعتراض کیا۔ اپوزیشن موجودہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کر رہی ہے۔
شرد پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی جانب سے بل کی حمایت کیے جانے سے متعلق خبروں پر ٹھاکرے نے کہا، ”آپ بیک وقت دو کشتیوں پر سوار نہیں ہو سکتے۔“ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ پوار سے ملاقات کرکے انہیں مجوزہ بل کے خلاف ووٹ دینے پر آمادہ کریں گے، تو ٹھاکرے نے کہا کہ ان کے بیٹے اور پارٹی رہنما آدتیہ ٹھاکرے، این سی پی (شردچندر پوار) کے سربراہ سے ملاقات کریں گے۔
ٹھاکرے نے کہا، ’’حد بندی ووٹوں کی چوری کی کوشش ہے۔ میں اس بل کی حمایت کر سکتا تھا، لیکن میں نے اپنی پارٹی کے مفادات سے بالاتر ہوکر مہاراشٹر اور ہندوستان کے مفادات کو ترجیح دی۔‘‘
انہوں نے دراوڑ منیترا کڈگم (ڈی ایم کے) کے سربراہ ایم کے اسٹالن سے بھی حد بندی بل پر اپنے موقف پر دوبارہ غور کرنے کی اپیل کی۔ ٹھاکرے نے کہا، ’’اسٹالن تمل ناڈو کے ساتھ غداری کر رہے ہیں۔‘‘ ڈی ایم کے کے لوک سبھا میں 22 اور راجیہ سبھا میں آٹھ ارکان ہیں۔ پارٹی نے حد بندی بل کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اس کے بعد کانگریس کے رہنما اسٹالن سے ملاقات کے لیے چنئی پہنچے ہیں۔
مرکزی حکومت 30 نومبر کو لوک سبھا میں ایک نیا آئینی ترمیمی بل پیش کرنے والی ہے، جس کے تحت ایوانِ زیریں کی نشستوں کی تعداد اور ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی اسمبلیوں کی مجموعی نشستوں میں 50 فیصد اضافہ کرکے خواتین کو ایک تہائی ریزرویشن دینے کی تجویز ہے۔ اس کے ساتھ ہی نشستوں کی نئی تقسیم اور انتخابی حلقوں کی حدود کو 2051 تک برقرار رکھنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
ادھو ٹھاکرے نے کہا، ”انتخابی حلقوں کی تشکیل صرف بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کے لیے کی جائے گی۔“ انہوں نے بی جے پی پر خواتین کے ریزرویشن کے نام پر خواتین کو گمراہ کرنے کا بھی الزام لگایا۔
ٹھاکرے کا کہنا تھا کہ حکومت کو لوک سبھا کی موجودہ 543 نشستوں کی تعداد میں کوئی تبدیلی کیے بغیر ہی 33 فیصد خواتین ریزرویشن نافذ کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شیوسینا (یو بی ٹی) نے پارٹی وہپ جاری کیا ہے، جس کے تحت چھ باغی ارکان سمیت پارٹی کے تمام نو ارکان پارلیمنٹ کو وہپ کی پابندی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
