یوم آزادی کے موقع پر دہلی کا موسم خراب، اتر پردیش، بہار، ہماچل پردیش اور مہاراشٹر میں شدید بارش
4 دھام مسافروں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ وہیں ہماچل پردیش کے شملہ، کانگڑا، کلو اور منڈی میں شدید بارش کے حوالے سے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ہندوستان میں 80واں جشن یوم آزادی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس قومی تہوار کے درمیان ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ملک کے مختلف حصوں میں مانسون کے حوالے سے اہم پیش گوئی جاری کی ہے۔ خلیج بنگال میں بننے والے دباؤ کے علاقے اور فعال مانسون ہواؤں کی وجہ سے دہلی-این سی آر سے لے کر شمالی، وسطی، مشرقی اور جنوبی ہندوستان کی ریاستوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ یوم آزادی کی مرکزی تقریب کے پیش نظر ہندوستانی محکمۂ موسمیات نے لال قلعہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں کے لیے خصوصی موسمی پیش گوئی بھی جاری کی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق دہلی-این سی آر میں آج بادلوں کی آمد و رفت جاری رہے گی اور دن بھر وقفے وقفے سے بوندا باندی ہونے کے ساتھ گرج چمک کا الرٹ بھی ہے۔ راجدھانی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت تقریباً 33 ڈگری سیلسیس اور کم از کم درجۂ حرارت 25 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ بارش کے باوجود حبس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی ہو سکتی ہے۔ دہلی اور این سی آر میں 14 اگست سے 19 اگست تک بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ جشن آزادی کی تقریبات کے شرکاء کو چھاتا اور رین کوٹ ساتھ رکھنے کا مشورہ دیا گیا۔
اتر پردیش میں مشرقی اور مغربی حصوں میں مانسون کی ہوائیں فعال ہیں۔ لکھنؤ، کانپور، وارانسی اور پریاگ راج جیسے بڑے شہروں میں ہلکی پھوار کے ساتھ بارش شروع ہو چکی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے 15 اگست کی صبح سے 16 اگست کی صبح کے درمیان 19 اضلاع میں شدید بارش کے زیادہ امکانات ظاہر کیے ہیں۔ ان اضلاع میں باندا، چترکوٹ، کوشامبی، پریاگ راج، سون بھدر، مرزا پور، لکھیم پور کھیری، سہارنپور، بجنور، امروہہ، مرادآباد، رام پور، بریلی، پیلی بھیت، شاہجہاں پور، سنبھل، بدایوں، مہوبا اور للت پور۔ ریاست کے تقریباً 30 اضلاع میں شدید ترین بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے کا خطرہ ہے۔ محکمہ نے گرج چمک اور آسمانی بجلی گرنے کے حوالے سے لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ مدھیہ پردیش کے مشرقی حصے میں مضبوط مانسون سسٹم فعال ہے، جس کا اثر اگلے 4 دنوں تک جبل پور، ریوا، ساگر اور شہڈول ڈویژنوں میں سب سے زیادہ نظر آئے گا۔ نرمداپورم، چھترپور اور امریا میں انتہائی شدید بارش کا امکان ہے۔ جبل پور، ساگر، رائے سین، نرسنگھ پور، چھندواڑہ، سیونی، بالاغاٹ، منڈلا، ڈنڈوری، انوپ پور، شہڈول، کٹنی، پنا، ٹیکم گڑھ، ریوا، مئو گنج، سیدھی اور سنگرولی میں 4 سے 8 انچ تک بارش ہو سکتی ہے۔
پہاڑی ریاستوں میں بارش کے باعث صورتحال انتہائی حساس ہے۔ اتراکھنڈ کے دہرادون، نینیتال، چمپاوت اور پتھورا گڑھ میں موسلا دھار بارش اور مٹی کے تودے گرنے کا خدشہ ہے۔ پتھورا گڑھ ضلع میں تھل- منسیاری اور جولا جیبی-منسیاری راستے بند ہونے سے 100 سے زیادہ گاؤں کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ لا-جھیکلا میں نالے ابل پڑے ہیں اور ہرڑیا میں مسلسل ملبہ گر رہا ہے۔ 4 دھام مسافروں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ وہیں ہماچل پردیش کے شملہ، کانگڑا، کلو اور منڈی میں شدید بارش کے حوالے سے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ دریاؤں اور نالوں میں پانی کی سطح کو دیکھتے ہوئے سیاحوں کو ان سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بہار میں مغربی چمپارن، مشرقی چمپارن، گوپال گنج، سیوان اور سارن اضلاع میں شدید بارش کا اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مظفر پور، دربھنگہ، سمستی پور، ویشالی، سیتا مڑھی، شیوہر، مدھوبنی، بکسر، بھوجپور، کیمور، روہتاس، ارول اور اورنگ آباد میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ یہاں 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ حالانکہ پٹنہ، گیا، نالندہ، نوادہ اور شیخ پورہ میں بارش کا کم امکان ہے، لیکن بادلوں کی وجہ سے حبس کا عالم رہے گا۔ ریاست کے تمام 24 اضلاع میں بارش کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ گڑھوا، پلامو، چترا، لاتیہار، لوہردگا اور گملا میں تیز بارش اور گرج چمک کے مدنظر اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے، جب کہ ریاست بھر میں 15 سے 18 اگست تک موسلادھار بارش جاری رہے گی۔
راجستھان میں گزشتہ دنوں کے مقابلے میں مانسون کی سرگرمیوں میں کچھ کمی آئے گی، لیکن مشرقی اور شمالی اضلاع میں بارش کا سلسلہ برقرار رہے گا۔ جے پور، الور، بھرت پور، کوٹا، سیکر، جھنجھنو سمیت 17 اضلاع میں 30-40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور آسمانی بجلی گرنے کا یلو الرٹ ہے۔ بیکانیر اور جودھ پور ڈویژن میں ہلکی پھوار پڑنے کا امکان ہے۔21 سے 27 اگست کے درمیان ریاست میں مانسون ایک بار پھر رفتار پکڑے گا۔ مہاراشٹر کے ناگپور، چندرپور، گڑھ چیرولی، امراوتی، بھنڈارا اور گونڈیا میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ پونے، ستارا، کولہاپور اور ناسک کے گھاٹ علاقوں میں بھی درمیانی سے شدید بارش ہونے کی توقع ہے۔ ممبئی، تھانے، رائے گڑھ اور رتناگیری میں ہلکی سے درمیانی بارش کے امکانات ہیں۔ گجرات کے احمد آباد، وڈودرا، سورت، بھروچ، گاندھی نگر اور نوساری میں شدید بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ سوراشٹر اور کچھ (راج کوٹ، جام نگر، بھج) میں موسم بہتر رہے گا۔ جنوبی ہندوستان کی بات کریں تو کیرالہ اور ساحلی کرناٹک میں شدید ترین بارش ہو سکتی ہے۔ تمل ناڈو، پڈوچیری، ساحلی آندھرا پردیش اور رائل سیما میں ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے اور آندھی طوفان کا امکان ہے۔ ماہی گیر برادری کو سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ وہیں شمال مشرقی ہندوستان کی بات کریں تو اروناچل پردیش، آسام اور میگھالیہ میں مختلف مقامات پر موسلا دھار بارش کے باعث مٹی کے تودے گرنے اور پانی جمع ہونے کا خطرہ برقرار ہے۔ ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں بھی شدید بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے حوالے سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
