دہلی: ’متاثرہ خاندانوں کو اجڑنے نہیں دیں گے‘، یمنا بازار میں 310 خاندانوں کو ایم سی ڈی کے نوٹس پر کانگریس کا سخت ردعمل

دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ دہائیوں پرانے آشیانوں کو بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور ضرورت پڑی تو قانونی لڑائی کے ساتھ سڑک پر اتر کر بھی لڑائی لڑی جائے گی۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی کانگریس کا وفد متاثرین سے بات کرتے ہوئے (تصویر&nbsp; <a href="https://x.com/devendrayadvinc">@devendrayadvinc</a>&nbsp;)&nbsp;</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) نے راجدھانی دہلی کے یمنا بازار علاقے کو خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے جس کے بعد اب راجدھانی میں سیاسی کشیدگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اس سلسلے میں دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے جمعہ کو یمنا بازار گھاٹ علاقے کا دورہ کیا اور ایم سی ڈی کے بے دخلی نوٹس کا سامنا کر رہے خاندانوں سے ملاقات کی۔

ایم سی ڈی نے یمنا بازار گھاٹ پر آباد تقریباً 310 خاندانوں کو 15 دنوں کے اندر گھر خالی کرنے کے لیے نوٹس جاری کیے ہیں۔ اس کے بعد دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو کی قیادت میں پارٹی کا ایک وفد متاثرہ خاندانوں سے ملنے پہنچا تھا۔ ان خاندانوں سے بات کرنے کے بعد دیویندر یادو نے سبھی کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے۔


اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے دیویندر یادو نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) کے حکم کا سہارا لے کر آزادی سے پہلے سے یمنا بازار گھاٹ پر رہ رہے ان 310 خاندانوں کو بے دخل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے اسے بی جے پی کا صاف غریب مخالف چہرہ بتایا۔ دیویندر یادو نے مزید کہا کہ یہ خاندان یہاں کئی نسلوں سے رہ رہے ہیں اور یمنا کے کنارے اپنی روزی روٹی کماتے ہیں۔ ایم سی ڈی نے انہیں اچانک 15 دن کا نوٹس دے کر گھر خالی کرنے کو کہا ہے، حالانکہ انہیں اس سے پہلے کبھی ایسا نوٹس نہیں ملا تھا۔

دہلی کانگریس کے صدر نے کہا کہ اگر ان خاندانوں کو یہاں سے ہٹا دیا گیا تو ان کے سامنے روزی روٹی کا بڑا بحران پیدا ہوجائے گا۔ بچے اسکول چھوڑنے کو مجبور ہوسکتے ہیں اور پورا خاندان بے روزگاری کی مار جھیلے گا۔ دیویندر یادو نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ گزشتہ 15 ماہ میں یمنا کی صفائی میں پوری طرح ناکام رہی ہے۔ ایسے میں بی جے پی حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لیے ان غریب لوگوں کو اُجاڑنے کی کوشش کررہی ہے۔ اس لیے حکومت ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ایکٹ 2005 کی دفعہ 34 کے تحت این جی ٹی کے آرڈر کا استعمال کررہی ہے۔


 دہلی میں سیلاب کے حوالے سے دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی میں پہلے بھی کئی بار سیلاب آیا تھا لیکن تب ان لوگوں کو مستقل طور سے نہیں ہٹایا گیا تھا۔ کچھ وقت کے لیے متبادل بندوبست کرکے انہیں واپس بسا دیا جاتا تھا۔ دیویندر یادو نے صاف کہا کہ دہلی کانگریس ان خاندانوں کو اُجڑنے نہیں دے گی۔ دہائیوں پرانے آشیانوں کو بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور ضرورت پڑی تو قانونی لڑائی کے ساتھ سڑک پر اتر کر بھی لڑائی لڑی جائے گی۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔