دہلی: 45ویں ’انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر‘ میں عام لوگوں کے لیے ٹکٹ کی قیمت میں 67 فیصد تک اضافہ
1979 میں ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کے یوم پیدائش یعنی 14 نومبر کو ٹریڈ فیئر کا آغاز کیا گیا تھا اور اسی مناسبت سے میلے کی تاریخ بھی مقرر کی گئی تھی۔
ملک کی راجدھانی دہلی میں 45ویں ’انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر‘ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔ اس میلے کا انعقاد 13 نومبر سے ’بھارت منڈپم‘ میں کیا جائے گا۔ ٹریڈ فیئر کے ٹکٹ عام لوگوں کے لیے 25 سے 67 فیصد تک مہنگے کر دیے گئے ہیں۔ 4 سال بعد ٹریڈ فیئر کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ 14 سے 18 نومبر تک جو ’بزنس ڈے‘ ہوگا اس کے ٹکٹ کی قیمت پہلے کی طرح 500 روپے رہے گی۔
13 نومبر کو ٹریڈ فیئر کی افتتاحی تقریب کے علاوہ کوئی تجارتی سرگرمی نہیں ہوگی۔ عام لوگوں کے لیے میلہ 19 نومبر کو کھلے گا اور 27 نومبر تک جاری رہے گا۔ بزنس ڈے 14 سے 18 نومبر تک رہیں گے۔ رواں سال عام دنوں میں بالغ افراد کے ٹکٹ کی قیمت 80 روپے سے بڑھا کر 100 روپے کر دی گئی ہے۔ ویک اینڈ پر اب ٹریڈ فیئر میں داخلے کے لیے 200 روپے خرچ کرنے ہوں گے، پہلے 150 روپے ادا کرنے پڑتے تھے۔
واضح رہے کہ بچوں کے ٹکٹ بھی مہنگے ہو گئے ہیں۔ عام دنوں میں بچوں کے ٹکٹ کی قیمت 40 روپے سے بڑھا کر 50 روپے اور ویک اینڈ پر 60 روپے سے بڑھا کر 100 روپے کر دی گئی ہے۔ انڈیا ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (آئی ٹی پی او) کی چیئرمین کمیٹی نے 28 اکتوبر کو ٹکٹوں کی قیمتیں بڑھانے کی تجویز کو منظوری دی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ٹی پی او کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پریم جیت لال نے کہا کہ ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ آمدنی بڑھانے کے لیے نہیں بلکہ انہیں راؤنڈ فگر میں رکھنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق قیمتوں میں زیادہ اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔
کورونا کے بعد 2022 میں بھی ٹریڈ فیئر کے عام ٹکٹوں کی قیمتوں میں 25 سے 33 فیصد سے کچھ زیادہ اضافہ کیا گیا تھا۔ اس وقت بھی بزنس ڈے کے ٹکٹوں کی قیمتیں نہیں بڑھائی گئی تھیں۔ قابل ذکر ہے کہ یہ ٹریڈ فیئر 1979 سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ رواں سال پہلی بار افتتاحی تقریب کے لیے پورا دن الگ رکھا گیا ہے۔ اب تک میلے کا آغاز 14 نومبر سے ہوتا تھا۔ 1979 میں ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کے یوم پیدائش یعنی 14 نومبر کو ٹریڈ فیئر کا آغاز کیا گیا تھا اور اسی مناسبت سے میلے کی تاریخ بھی مقرر کی گئی تھی۔ 14 روز تک جاری رہنے والے اس میلے کی تاریخ میں پہلی بار رواں سال تبدیلی کی گئی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
