دہلی: عبدالرحیم خانخاناں کا مقبرہ سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا

عبدالرحیم خانخاناں کا مقبرہ قومی راجدھانی دہلی کے نظام الدین علاقہ میں 16 ویں صدی کی متعدد تاریخی عمارتوں میں سے ایک ہے۔ اس کی حفاظت اور بحالی کی منصوبہ بندی سال 2014 میں شروع ہوئی تھی۔

دہلی کے نظام الدین علاقہ میں واقع عبد الرحیم خانخاناں کا مقبرہ، تصویر یو این آئی
دہلی کے نظام الدین علاقہ میں واقع عبد الرحیم خانخاناں کا مقبرہ، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: مغل بادشاہ اکبر کے نورتنوں میں سے ایک فوجی کمانڈار عبد الرحیم خانخاناں (1556-1627) کے نظام الدین علاقہ میں واقعہ مقبرہ کو مرمت کے بعد سیلانیوں کے لئے کھول دیا گیا۔ اس تاریخی عمارت کی مرمت کا کام آغا خان ٹرسٹ فار کلچر اور انٹرگلوب فاؤنڈیشن نے مشترکہ طور پر انجام دیا ہے۔

عبدالرحیم خان خاناں کا مقبرہ قومی راجدھانی دہلی کے نظام الدین علاقہ میں 16 ویں صدی کی متعدد تاریخی عمارتوں میں سے ایک ہے۔ اس کی حفاظت اور بحالی کی منصوبہ بندی سال 2014 میں شروع ہوئی تھی۔ اس منصوبہ بندی کا مقصد رحیم کی وراثت اور شاعری کی ثقافتی بحالی شامل تھی۔


مرکزی سیاحت اور ثقافت کے وزیر مملکت پرہلاد سنگھ پٹیل 17 دسمبر یعنی آج رحیم کے مقبرہ پر رحیم کی یومِ پیدائش کی اختتامی تقریب کی صدارت کریں گے۔ مغل فن تعمیر پر مشتمل رحیم کا مقبرہ تاج محل کے ڈیزائن کا تعارف کراتا ہے۔ مقبرہ کا اندرونی حصہ سرخ بلو پتھر اور سنگ مرمر سے بنا ہوا ہے۔ یہ مقبرہ آثار قدیمہ کے لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور عالمی وراثت ہمایوں کے مقبرہ کے پاس موجود ہے۔

آغا خان ٹرسٹ فار کلچر کے سی ای او رتیش نندا نے کہا، ’’رحیم کے مقبرہ پر مرمت کا کام عوامی-نجی اشتراک سے ممکن ہوا ہے۔ یہ محض ایک عمارت کی ہی بحالی نہیں ہے بلکہ ثقافت کے علمبردار رحیم کی قبر کے وقار کو بھی بحال کیا گیا ہے۔ 1750 دنوں کے کام کے بعد اس عمارت کی عظمت کو بحال کیا گیا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔