دہلی: غیر ملکی خریدار دلانے کے نام پر تاجروں سے لاکھوں کی ٹھگی، فرضی کال سینٹر کا پردہ فاش، 20 گرفتار
دہلی کے دوارکا میں سائبر پولیس نے فرضی انٹرنیشنل کال سینٹر کا پردہ فاش کرتے ہوئے 20 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان غیر ملکی خریدار اور ایکسپورٹ آرڈر دلانے کے بہانے تاجروں سے رقم بٹورتے تھے

نئی دہلی: دہلی کے دوارکا میں سائبر پولیس نے ایک فرضی انٹرنیشنل بائر کال سینٹر کا پردہ فاش کیا ہے، جہاں ملک بھر کے تاجروں اور مینوفیکچررز کو غیر ملکی خریدار فراہم کرنے اور بڑے ایکسپورٹ آرڈر دلانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے کی ٹھگی کی جا رہی تھی۔ پولیس نے اس معاملے میں فرم کے رجسٹرڈ مالک اور آپریٹنگ منیجر سمیت 20 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ کال سینٹر پالم ایکسٹینشن، سیکٹر 7، دوارکا سے چلایا جا رہا تھا۔ ملزمان گوگل لسٹنگ، آن لائن تشہیری مہمات، بی ٹو بی پورٹلز اور سوشل میڈیا کے ذریعے تاجروں اور مینوفیکچررز سے رابطہ کرتے تھے۔ انہیں اپنی مصنوعات کے لیے بین الاقوامی خریدار تلاش کرنے کا یقین دلا کر پیڈ ممبرشپ لینے پر آمادہ کیا جاتا تھا۔ ممبرشپ کے ایک منصوبے کی فیس 5900 روپے کے علاوہ جی ایس ٹی مقرر تھی۔
ممبرشپ حاصل کرنے کے بعد متعلقہ تاجر کو ایک مبینہ غیر ملکی خریدار کا واٹس ایپ نمبر دیا جاتا تھا۔ تاہم حقیقت میں یہ کوئی غیر ملکی خریدار نہیں بلکہ اسی کال سینٹر کا ملازم ہوتا تھا، جو غیر ملکی موبائل نمبروں کے ذریعے تاجر سے رابطہ کرتا تھا۔
یہ فرضی خریدار تاجروں کو بڑے ایکسپورٹ آرڈر ملنے کی امید دلاتا اور پھر آرڈر کی تکمیل کے لیے آئی ایس او، جی ایم پی، بی آر سی، آئی ای سی یا فوڈ سیفٹی جیسے سرٹیفکیٹس کا مطالبہ کرتا تھا۔ بڑے آرڈر سے محروم ہونے کے خدشے کے باعث تاجر ان دستاویزات کے حصول کے لیے اسی کمپنی سے رجوع کرتے تھے۔ کمپنی ان سرٹیفکیٹس کے نام پر لاکھوں روپے وصول کر کے جعلی دستاویزات فراہم کرتی تھی۔ اس کے بعد مزید سرٹیفکیٹس کا مطالبہ کر کے متاثرین سے دوبارہ رقم بٹوری جاتی تھی۔
پولیس نے نیشنل سائبر کرائم رپورٹنگ پورٹل (این سی آر پی) پر موصولہ شکایات اور مالی لین دین کا تجزیہ کیا تو اس منظم نیٹ ورک کا سراغ ملا۔ مہاراشٹر سے موصول ہونے والی ایک شکایت میں فرم کے نام پر کھولے گئے انڈس انڈ بینک اکاؤنٹ کا ذکر تھا۔ ایس آئی وکاس سانگوان کی قیادت میں پولیس ٹیم نے تفتیش شروع کی اور اکاؤنٹ سے منسلک دفتر کا پتا لگایا۔
چھاپے کے دوران کال سینٹر میں 20 افراد کام کرتے ہوئے پائے گئے۔ پولیس نے 34 موبائل فون، 8 لیپ ٹاپ، 14 سی پی یو، جعلی سرٹیفکیٹس اور چیک بکس برآمد کیں۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ فرم کا رجسٹرڈ مالک ماہانہ رقم کے عوض اپنا بینک اکاؤنٹ استعمال کرنے کی اجازت دے رہا تھا، جب کہ آپریٹنگ منیجر نے سیلز، کسٹمر سپورٹ، فرضی خریداروں اور آئی ٹی کے لیے الگ الگ ٹیمیں بنا رکھی تھیں۔ مہاراشٹر اور مدھیہ پردیش سے موصول ہونے والی شکایات کمپنی کے بینک اکاؤنٹس سے منسلک پائی گئیں۔ پولیس اب اس نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ ارکان، متاثرین کی تعداد اور ٹھگی کی مجموعی رقم کا پتا لگانے میں مصروف ہے۔
