دہلی-این سی آر میں 5 دنوں تک نہیں ملے گی بارش سے راحت، آسام اور اڈیشہ میں سیلاب کا قہر

اس سال بھی پہاڑی علاقوں میں بارش کا قہر جاری ہے۔ اتراکھنڈ کے نینی تال اور ہریدوار سمیت کئی اضلاع میں آج موسلادھار بارش اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں بارش (فائل) / آئی اے این ایس</p></div>
i

ان دنوں ملک کی کئی ریاستوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی کئی ریاستوں میں آندھی اور بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ بہت سی ریاستوں میں شدید بارش اور تیز آندھی کا بھی الرٹ محکمہ نے جاری کیا ہے۔ کئی علاقوں میں 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ آسام اور اڈیشہ میں تو سیلاب نے قہر برپا کر رکھا ہے۔ آسام میں 1.35 لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں اور اب تک 87 افراد کی موت ہو چکی ہے۔

ملک کی راجدھانی دہلی-این سی آر میں آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ آج یہاں ہلکی سے درمیانی سطح کی بارش ہونے کا امکان ہے۔ بوقت صبح کئی علاقوں میں بارش ہوئی بھی ہے اور دوپہر و شام کو بھی ہلکی سے درمیانی بارش دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ اتنا ہی نہیں، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دہلی-این سی آر میں اگلے 5 دنوں تک بارش سے راحت نہیں ملنے والی۔ درجہ حرارت کی بات کریں تو آج دہلی میں زیادہ سے زیادہ 32 اور کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سیلسیس رہ سکتا ہے۔


اتر پردیش میں ایک بار پھر مانسون نے رفتار پکڑ لی ہے، جس کے باعث بیشتر اضلاع میں بارش کا دور شروع ہو گیا ہے۔ آج سہارنپور، مظفر نگر، ہردوئی، سنبھل، شاہجہاں پور، بہرائچ، اعظم گڑھ، گونڈہ، بلیا، امبیڈکر نگر، جونپور، مئو، غازی پور، چندولی، کھیری، پرتاپ گڑھ، سیتاپور، بلند شہر اور جیوتیبا پھولے نگر میں شدید بارش اور آندھی چل سکتی ہے۔

بہار میں بھی آج مانسون پوری طرح سرگرم رہے گا۔ آج بہار کے بیشتر اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ شمالی اور مشرقی بہار کے کچھ اضلاع میں شدید بارش کے ساتھ گرج و چمک، تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی گرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ریاست کے 36 اضلاع میں آج بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ جھارکھنڈ کے بھی کئی اضلاع میں آندھی اور شدید بارش کا الرٹ ہے۔ پنجاب، راجستھان، مغربی بنگال، اڈیشہ، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، گجرات، تمل ناڈو اور کیرلم میں شدید بارش اور آندھی کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ اس دوران تیز آندھی بھی چل سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کسانوں اور ماہی گیروں کو بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔


پہاڑی ریاستوں کی بات کریں تو مانسون کے دوران یہاں کا موسم کافی حساس ہو جاتا ہے۔ اس سال بھی پہاڑی علاقوں میں بارش کا قہر جاری ہے۔ اتراکھنڈ کے نینی تال اور ہریدوار سمیت کئی اضلاع میں آج موسلادھار بارش اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ ہماچل پردیش کے کئی اضلاع میں بھی آج ہلکی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں جموں و کشمیر کے کئی اضلاع میں آج شدید بارش کا الرٹ ہے۔