دہلی-این سی آر میں ہوا کا معیار ’انتہائی خراب‘ زمرے میں

دہلی اور قومی راجدھانی خطہ میں اے کیو آئی 342 پر انتہائی خراب زمرے میں رہا، اس سے قبل جمعرات کو بھی اے کیو آئی 340 ہونے کے ساتھ انتہائی خراب زمرے میں رہا

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی اور قومی راجدھانی خطہ میں جمعہ کو ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 342 پر انتہائی خراب زمرے میں رہا۔ اس سے قبل جمعرات کو بھی اے کیو آئی 340 ہونے کے ساتھ انتہائی خراب زمرے میں رہا۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے یہ اطلاع دی۔

آئی ایم ڈی نے آج صبح ایک بلیٹن میں کہا کہ دہلی-این سی آر میں ہوا کے معیار میں معمولی بہتری کے باوجود یہ آج بھی انتہائی خراب زمرے میں ہے۔ یہ 18 اور 19 دسمبر کوبھی خراب زمرے میں رہ سکتا ہے۔

سسٹم آف ایئر کوالٹی ویدر فورکاسٹنگ اینڈ ریسرچ (ایس اے ایف اے آر) کے مطابق آج صبح 10 بجے پی ایم 2.5 اورپی ایم 10 بالترتیب خراب اور بے حدخراب زمرے میں درج کیا گیا۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دہلی کے ملحقہ علاقوں میںبھی اے کیو آئی خراب سے انتہائی خراب زمرے میں درج کیا گیا ہے۔ فرید آباد میںایئر کوالٹی انڈیکس 302، غازی آباد میں 334، گروگرام میں 287 اور نوئیڈا سیکٹر 62 میں 331 ریکارڈ کیا گیا۔


قابل ذکر ہے کہ صفر سے 50 کے درمیان اے کیو آئی کو اچھا، 51 سے 100 اطمینان بخش، 101 سے 200 متوسط، 201 سے 300 خراب، 301 سے 400 انتہائی خراب اور 401 سے 500 سنگین زمرہ سمجھا جاتا ہے۔ سپریم کورٹ نے جمعرات کو دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے عام لوگوں اور ایئر کوالٹی مینجمنٹ کمیشن کے ماہرین سے تجاویز طلب کی ہیں۔

دریں اثنا دہلی حکومت نے اگلے احکامات تک دارالحکومت میں غیر ضروری ٹرکوں کے داخلے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا کہ قومی راجدھانی کے باشندوں کو آج صبح سردی سے دو چار ہونا پڑا۔ دارالحکومت میں کم سے کم درجہ حرارت 7.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔