دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی کی ایماء پر اندر لوک علاقے میں کینڈل مارچ

دہلی اقلیتی کانگریس نے اندرلوک میں نیٹ پیپر لیک کے بعد جان گنوانے والے طلبہ کی یاد میں کینڈل مارچ نکالا۔ عبدالواحد قریشی نے طلبہ پر درج مقدمات واپس لینے، معافی مانگنے اور پیپر لیک روکنے کا مطالبہ کیا

<div class="paragraphs"><p>تصویر پریس ریلیز</p></div>
i

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی اور کانگریس اقلیتی شعبہ کے قومی چیئرمین عمران پرتاپ گڑھی کی ایما پر گزشتہ شب اندر لوک علاقے میں دہلی اقلیتی کانگریس نے نیٹ پیپر لیک کے بعد اپنی جان گنوانے والے طلباء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک پرامن کینڈل مارچ کا اہتمام کیا جس میں کثیر تعداد میں کانگریس لیڈر اور مقامی لوگوں نے شرکت کی۔

کینڈل مارچ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے دہلی کانگریس اقلیتی شعبہ کے چیئرمین عبدالواحد قریشی نے کہا کہ اس مارچ کے ذریعے ہم نے ان طلبا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے، جنہوں نے نیٹ پیپر لیک ہونے کے بعد اپنی جان گنوا دی۔

انہوں نے کہا کہ وہ مطالبہ کرتے ہیں کہ 20 جولائی کو طلباء کے خلاف پولیس کی بربریت کے بعد درج کیے گئے تمام مقدمات کو فوری طور پر واپس لیا جائے، طلباء سے عوامی معافی مانگی جائے، اور مرکزی حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ مستقبل میں پیپر لیک ہونے کے واقعات کو روکا جائے۔

عبدالواحد قریشی نے کہا کہ کسی بھی ملک کے مستقبل کا دارومدار اس کے نوجوانوں کے کاندھوں پر ہوتا ہے اگر یہی نوجوان مسلسل پیپر لیک ہونے سے اپنی اس طرح جان دیتے رہیں گے تو یہ موجودہ حکومت کیلئے بے حد شرم کی بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے نوجوان ہمارے مستقبل کے روشن ستارے ہیں۔


دہلی کانگریس اقلیتی شعبہ کے انچارج شبلی منظور نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ طلبہ اور نوجوانوں کے ساتھ ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے کھڑی رہی ہے اور ہمارے لیڈر راہل گاندھی مسلسل طلبا کے حقوق اور ان کے مسائل پر مسلسل بات کررہے ہیں اور جب یہ احتجاج چل رہا تھا تب بھی راہل گاندھی نے طلبا کے ساتھ ہو رہی نا انصافی پر سڑکوں پر اتر کر مرکز کی مودی حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔کانگریس پارٹی ہی ایک واحد سیاسی جماعت ہے جو نہ صرف طلبا بلکہ ہر طبقے کے ساتھ ہورہی ہر طرح کی ناانصافی کے خلاف ان کی آواز اٹھا رہی ہے۔ شبلی منظور نے کہاکہ اب لوگوں میں بیداری آچکی ہے وہ اب موجودہ حکومت کے بہکاوے میں نہیں آنے والے وہ اپنا حق اور ملک کی ترقی میں یقین رکھتے ہیں۔

کینڈل مارچ میں خصوصی طور پر قومی نائب صدر روبی خان، دہلی اقلیتی کانگریس کے شریک انچارج الطاف حسین علی میو، چیئرمین عبدالواحد قریشی، نائب صدر ڈاکٹر ریحانہ، جنرل سکریٹری ہرپریت ساہنی، وارث قریشی، ضلع چیئرمین علیم، فرقان، رضوان پرویز، ان کے حامیوں اور کانگریس کے عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔