دہلی میں پھر شدید گرمی اور حبس کا عالم، ملک کی دیگر ریاستوں میں کیسا رہے گا موسم؟
محکمۂ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں کے لیے اگلے 7 دنوں کے موسم کی پیشن گوئی جاری کی ہے، جس میں کئی ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

راجدھانی دہلی میں ایک بار پھر شدید گرمی اور حبس نے لوگوں کو پریشان کر دیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 6 دنوں تک دہلی میں بارش نہیں ہوگی، جس کی وجہ سے شدید گرمی کا احساس ہوگا۔ تیز دھوپ اور درجۂ حرارت بڑھنے سے دن کے ساتھ ساتھ رات میں بھی گرمی کا احساس ہو سکتا ہے۔ دوسری طرف اترپردیش کے کئی اضلاع میں آج رم جھم بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بہار، مدھیہ پردیش، راجستھان اور اتراکھنڈ سمیت ملک کی دیگر ریاستوں سے متعلق بھی پیشین گوئیاں کی ہیں، اور کئی جگہ موسم خوشگوار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
آئی ایم ڈی کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق آج دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 37 ڈگری سیلسیس اور کم از کم 27 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں کے لیے اگلے 7 دنوں کے موسم کی جو پیشن گوئی جاری کی ہے، اس میں کئی ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ شمالی ہندوستان، شمال مشرقی ہندوستان، مشرقی ہندوستان اور وسطی ہندوستان کے کئی حصوں میں 13 سے 18 جولائی کے درمیان تیز بارش، آندھی طوفان اور بجلی گرنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق اتراکھنڈ میں 13 سے 18 جولائی تک مختلف مقامات پر شدید بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ مشرقی اترپردیش میں 13 سے 16 جولائی تک شدید بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ ہریانہ، چنڈی گڑھ، پنجاب اور جموں و کشمیر کے کچھ حصوں میں آج شدید بارش کا امکان ہے۔ ہماچل پردیش میں 17 اور 18 جولائی کو تیز بارش ہو سکتی ہے۔ بہار میں 14 اور 15 جولائی کو شدید بارش ہونے کی امید ہے۔ اڈیشہ میں 13 سے 15 جولائی تک شدید بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ مغربی بنگال اور سکم کے ذیلی ہمالیائی علاقے میں 13 سے 18 جولائی کے درمیان کئی مقامات پر شدید ترین بارش ہونے کا امکان ہے۔
مدھیہ پردیش اور راجستھان کے کئی اضلاع میں آج ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ کچھ اضلاع کا موسم خشک رہے گا۔ آئی ایم ڈی کے مطابق راجستھان میں 15 جولائی کو بارش ہو سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی نے کئی ریاستوں میں گرج چمک، بجلی گرنے اور 40 سے 60 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی بھی وارننگ جاری کی ہے۔ بحیرۂ عرب اور خلیج بنگال کے کئی حصوں میں ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے کہا ہے کہ شدید بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونا، ٹریفک نظام متاثر ہونا، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں کی سطح آب میں اضافہ ممکن ہے۔ لوگوں کو محکمۂ موسمیات کی وارننگ پر عمل کرنے اور سفر سے بچنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
