یومِ یوگا کے موقع پر دہلی حج کمیٹی کی خصوصی تقریب، کوثر جہاں نے صحت مند معاشرے کو بتایا ترجیحِ اوّل

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے چیئرپرسن کوثر جہاں کی سرپرستی میں بین الاقوامی یومِ یوگا پر یوگا سیشن کا انعقاد کیا۔ انہوں نے صحت مند معاشرے کی تشکیل میں ایسی سرگرمیوں کو ضروری قرار دیا

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کی سرپرستی میں حج کمیٹی کے دفتر ’حج منزل‘ میں ایک باوقار یوگا سیشن کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام میں کمیٹی کے افسران، عملے اور میڈیا نمائندگان نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

پروگرام کا آغاز حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے کیا۔ انہوں نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ کوثر جہاں کی رہنمائی میں بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر اس سیشن کا انعقاد نہ صرف صحت مند طرزِ زندگی کی طرف ایک مثبت قدم ہے بلکہ یہ ہندوستانی تہذیب کی اس سوچ کی عکاسی بھی کرتا ہے جس کے مطابق جسمانی اور ذہنی تندرستی ہی ایک مضبوط اور خوشحال سماج کی بنیاد ہے۔

اشفاق احمد عارفی نے مزید کہا کہ 21 جون کا دن شمالی نصف کرہ میں سب سے طویل دن کے طور پر جانا جاتا ہے اور اقوامِ متحدہ کی جانب سے اسے عالمی یوگا دن قرار دیے جانے کے بعد یہ دن پوری دنیا میں ہندوستانی اقدار و نظریات کی پہچان بن چکا ہے۔ آج دنیا کے مختلف حصوں میں یوگا کو صحت، ذہنی سکون اور روحانی توازن کے اہم ذریعہ کے طور پر اپنایا جا رہا ہے، جو کہ ہندوستانی ثقافت کی عالمی قبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی اور کمیٹی کے دیگر افسران نے بھی یوگا سیشن میں حصہ لیا اور اپنے تجربات شرکاء سے شیئر کیے۔ سیشن کے دوران شرکاء کو مختلف یوگا آسن، سانس کی مشقیں اور ذہنی یکسوئی بڑھانے کی تکنیکیں سکھائی گئیں۔


یوگا سیشن کے اختتام پر چیئرپرسن کوثر جہاں نے اپنے خطاب میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں ہمیں نہ صرف جسمانی طور پر مضبوط بناتی ہیں بلکہ ذہنی سکون اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں بھی معاون ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’یومِ یوگا کا انعقاد ایک صحت مند اور مضبوط معاشرے کے تئیں ہماری وابستگی کی علامت ہے۔‘‘

کوثر جہاں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہلی حج کمیٹی آئندہ بھی ایسے بامقصد پروگراموں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ قوم کی فلاح و بہبود اور عوامی شعور کی بیداری ممکن ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی صرف حج سے متعلق خدمات تک محدود نہیں بلکہ وہ سماجی، تعلیمی اور صحت سے متعلق امور میں بھی اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ پروگرام کے آخر میں شُرَکاء کو یوگا کی اہمیت پر مبنی کتابچے بھی تقسیم کیے گئے اور انہیں اپنے روزمرہ معمولات میں یوگا کو شامل کرنے کی ترغیب دی گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔