دہلی حکومت کا بڑا فیصلہ: یکم جنوری 2025 تک آباد تمام جھگی بستیوں کی ہوگی ’بازآبادکاری‘

16 جون کو وزیر داخلہ امت شاہ نے اعلان کیا تھا کہ دہلی سلم اور جھگی جھونپڑی بازآبادکاری اور بحالی پالیسی 2026 کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جس سے ایسی جگہوں پر رہنے والے 4 لاکھ خاندانوں کو فائدہ ملے گا۔

<div class="paragraphs"><p>ریکھا گپتا / آئی اے این ایس</p></div>
i

دہلی حکومت نے آج جھگی والوں کے لیے اہم فیصلہ لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت میں ’ڈی یو ایس آئی بی‘ کی میٹنگ میں یہ طے کیا گیا کہ یکم جنوری 2025 تک راجدھانی میں بسی تمام جھگی بستیوں کے مکینوں کو بازآبادکاری منصوبہ کا فائدہ دیا جائے گا۔ اس بازآبادکاری منصوبہ کی وجہ سے دہلی میں رہ رہے ہزاروں خاندانوں کو فائدہ مل سکے گا۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت میں ڈی یو ایس آئی بی بورڈ کی میٹنگ میں بازآبادکاری سے متعلق اہم تجویز منظور کی گئی۔ میٹنگ میں دہلی حکومت نے طے کیا کہ قومی راجدھانی میں یکم جنوری 2025 تک بسی تمام جھگی بستیوں کے رہائشیوں کی بازآبادکاری کی جائے گی۔ حکومت نے اپنے فیصلے میں بازآبادکاری کا دائرہ بھی بڑھایا ہے۔

وزیر اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’دہلی اربن شیلٹر امپروومنٹ بورڈ (ڈی یو ایس آئی بی) کی 36ویں بورڈ میٹنگ میں ایک تاریخی فیصلہ لیا گیا، اس میٹنگ کی صدارت وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کی۔ میٹنگ میں یہ طے کیا گیا کہ دہلی میں یکم جنوری 2025 تک بسی جھگی بستی کے مکینوں کو بازآبادکاری کا فائدہ دیا جائے گا۔‘‘ اس سے قبل گزشتہ ہفتہ 16 جون کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اعلان کیا تھا کہ دہلی سلم اور جھگی جھونپڑی بازآبادکاری اور بحالی پالیسی 2026 کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جس سے ایسی جگہوں پر رہنے والے 4 لاکھ خاندانوں کو فائدہ ملے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ دہلی حکومت ہر ماہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل پر مبنی کم از کم 5 بازآبادکاری منصوبوں کے لیے ٹینڈر جاری کرنی چاہئیں۔


دہلی میں جھگی جھونپڑی والوں کی بازآبادکاری سے متعلق ایک جائزہ میٹنگ کی قیادت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے) اور دہلی اربن شیلٹر امپروومنٹ بورڈ (ڈی یو ایس آئی بی) کو 45 دنوں کے اندر 5 جھگی بستیوں کے لیے ٹینڈر جاری کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے افسران کو مزید 50 جھگی بستیوں کے لیے پروجیکٹ دستاویزات اور ٹینڈر پروپوزل تیار کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اس وقت امت شاہ نے کہا تھا کہ جھگی بستیوں کے لیے اہلیت کی تاریخ یکم جنوری 2025 کے مطابق طے کی جائے۔ اس میٹنگ میں امت شاہ کے علاوہ مرکزی وزیر برائے ہاؤسنگ اور شہری امور منوہر لال کھٹر، دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ترنجیت سنگھ سندھو، وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور دیگر سینئر وزراء اور افسران شامل ہوئے۔